افغان کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی: ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا سکور، سب سے بڑی پارٹنر شپ اور سب سے زیادہ چھکے
افغان کر کٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ آئرلینڈ کے خلاف میچ میں کئی ایسے ریکارڈ بنا دیے جو شاید آئندہ کئی سال تک بھی نہ ٹوٹ پائیں۔
آئرلینڈ کے خلاف بھارتی شہر ڈیرہ دون میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ اتنے بڑے مجموعے میں سب سے اہم کردار اوپنر حضرت اللہ زازئی نے ادا کیا جنہوں نے 162 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے ۔ ان کے ساتھ آنے والے اوپنر عثمان غنی نے بھی 73 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے بڑے مجموعے میں اپنا حصہ ملایا۔
افغانستان کی جانب سے دیے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے بڑے مجموعے کے تعاقب میں آئرلینڈ نے بھی خوب فائٹ کی لیکن پھر بھی 84 رنز سے ہار گئی۔ آئرلینڈ کے سٹرلنگ نے 91 اور اوبرائن کے 37 رنز بھی کام نہ آئے اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 194 رنز ہی بنا سکی۔
افغانستان نے اس انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں 278 رنز بنائے۔ اتنا بڑا مجموعہ آج تک کسی لیگ میں بھی کوئی ٹیم نہیں بنا سکی۔ اس لیے اس کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آل ٹائم سب سے بڑا مجموعہ قرار دیا گیا ہے۔
افغانستان کی جانب سے دوسرا ریکارڈ اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی نے سب سے بڑی پارٹنر شپ کا بنایا۔ انہوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 236 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔
162 رنز کی طوفانی اننگ کھیلنے والے حضرت اللہ زازئی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اتنا بڑا انفرادی سکور بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ ہیں جنہوں نے 2018 میں زمبابوے کے خلاف 172 رنز بنائے تھے۔
حضرت اللہ زازئی نے اپنی اننگ کے دوران 16 چھکے بھی مارے جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے مارے جانے والے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔


