اگر جہاد کا اعلان ہوا تو وزارت چھوڑ کر محاذ پر چلا جاؤں گا :شیخ رشید


وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم واہگہ بارڈر سے آسام تک بھارتیوں کی چتا بنا دیں گے. کسی حادثے یا غلط فہمی کی بنیاد پر پاک بھارت جنگ ہو سکتی ہے. بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چھوڑ کر ہم نے جلد بازی نہیں کی، پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بہت محنتی اور پردوں کے پیچھے سے دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر جہاد کا اعلان ہوا تو وزارت چھوڑ کر محاذ پرچلا جاؤں گا ۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب خبر ملی کہ بھارت ہمارے 8 ہوائی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے تو ہم نے جواباً بھارت کے 12 ہداف کو نشانے پر رکھا ہوا تھا، ہمارا جینا اور مرنا اسلام کے لئے ہے۔ جہاد مسلمانوں کا فرض ہے۔ اگر جہاد کا اعلان ہوا تو میں وزارت چھوڑ کر محاذ پرچلا جاؤں گا۔ مودی کی نفسیات کو سمجھنا بہت ضروری ہے، پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بہت محنتی اور پردوں کے پیچھے سے دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سارے معاملے میں عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑ کر تدبر کا ثبوت دیا ہے۔ اصل مسئلہ کشمیرکا ہے۔ بھارت کا مسلمان سمجھتا ہے کہ شیخ رشید ہماری آواز ہے۔ پاکستان ہم نے بڑی قربانیوں سے حاصل کیا ہے، بھارت کے مسلمانوں پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو کے بعد وہاں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ ہم موت کے کھلاڑی، موت ہماری محبوبہ اور شہادت ہماری خواہش ہے۔ بچے مجھ سے پوچھتے ہیں کہ بلیک آوٹ کب ہو گا۔ اب بلیک آوٹ کا وقت نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان محنتی شخص ہیں۔ کوئی ہمیں کمزور نہ سمجھے۔ میں وزارت کا بھوکا نہیں ہوں، وزیراعظم کی پوری کوشش ہے کہ جنگ نہ ہو لیکن انہوں نے کہا کہ ہم ٹیپو سلطان ہیں بہادر شاہ ظفر نہیں، شیرکی ایک دن کی زندگی گیڈر کی سو سال کی زندگی سے بہتر ہے۔

وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ میں عقل کی بات کرتا ہوں، میں مودی کی سوچ سے واقف ہوں۔ میں کشمیر کی جدو جہد آزادی کا حامی ہوں۔ جب بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں نقصان ہو گا تو وہ پاکستان پر غصہ نکالنے کا سوچے گا۔  کشمیرکے چوک چوک سے واقف ہوں، مودی کبھی کشمیر کے معاملے پر بات نہیں کرے گا، وہ سپر پاور بننے کا سوچ رہا ہے اور اقوام متحدہ کا مستقل ممبر بننے کا سوچ رہا ہے، مودی سرکار کبھی کشمیر پر بات چیت نہیں کرے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کا 22 کروڑ مسلمان پاکستان کی جانب دیکھ رہا ہے، اندر سے پاکستانی ہے وہ مجبوراً بھارتی جماعتوں کو ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور حکومت میں کوئی وزیرخارجہ نہیں تھا، نواز شریف دیکھے بغیر پانچ سطریں بھی نہیں پڑھ سکتا وہ امریکی صدر سے ملتے وقت بھی چٹ پڑھ کر بات کر رہے تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جیسا دور اندیش جنرل نہیں دیکھا۔ ہم بھارت کا ستیا ناس کر دیں گے، پاکستان قیامت تک رہنے کے لئے بنا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مسعود اظہر بیمار ہیں، ان میں پلوامہ جیسا حملہ کرنے کی استطاعت نہیں ہے۔