عینی کے لفظوں سے جُڑے چند خواب


کچھ کتابیں محض کتابیں نہیں ہوتیں علامتیں ہوتی ہیں۔ دوستی، تعلقات اور محبت بھری یہ علامتیں دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہیں۔ ایسی ہی ایک علامت ان دنوں میرے سرہانے بیٹھی مجھ سے سرگوشیوں میں رازونیاز کرتی رہتی ہے۔ مجھ سے کہتی ہے کہ میں اسے کھول کر اس کی خوشبو کو سمیٹ لوں۔ محبت سے گُندھی ہوئی اس تخلیق کا نام میرا اعتبار رکھنا ہے۔ قرۃالعین سکندر کی یہ کتاب محض کتاب نہیں ہے۔ یہ اُس کے خواب ہیں اور ان خوابوں سے لپٹی کچھ خوشبویئں ہیں جو کہانیوں کی شکل میں اُس نے صفحہ قرطاس پر منتقل کر دی ہیں۔

ان کہانیوں کے تمام کرداروں میں عینی کے قہقہے اور آنسو سانس لیتے دکھائی دیتے ہیں۔ خوشبووں بھرے اس گُلدستے کو کھولتے ہی آپ کی پہلی نظر پیش لفظ پر پڑتی ہے۔ کتاب زیست کے تلخ و شیریں لمحات بیان کرتی یہ تحریر قاری کو اتنا احساس دلا دیتی ہے کہ مصنفہ کا لفظوں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ خاصا پرانا ہے۔ ڈائجسٹ پڑھنے والے لوگ قرۃ العین سکندر کے نام سے بہت اچھی طرح واقف ہیں۔ کہنے کو یہ پانچ گھریلو قسم کی داستانیں ہیں مگر ان تمام کہانیوں میں محبت کے رنگ بہت نمایاں ہیں۔

قاری اُس کے کرداروں کے ساتھ بہتا چلا جاتا ہے۔ لفظ بولتے ہیں اور قاری ان لفظوں کے سحر میں گم ہے۔ کہیں نہ کہیں کوئی ایک فقرہ یا جملہ قاری کو چونکا دیتا ہے۔ ان کہانیوں میں عینی کی شاعری بھی رقص کرتی نظر آتی ہے۔ شاعری نے ان کہانیوں کو بہت رنگین بنا دیا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے رنگوں بھری تتلیاں ہمارے اردگرد مسکراتی ہوئی چکر لگا رہی ہوں۔ عینی کی کہانیوں کے تمام کردار ہماری ہی معاشرتی روایتوں میں سانس لیتے ہیں۔

معاشرتی روایتوں کی پاسداری کرتی بزرگ خاتون کا کردار بھی ہمیں عینی کی اکثر کہانیوں میں نظر آتا ہے۔ محبت اس کائنات کا سب سے خوبصورت جذبہ ہے اور عینی کی کہانیوں میں محبت بھرے گیت سُنائی دیتے ہیں۔ قرۃ العین سکندر لفظوں کے ساتھ بات کرنے کا ہنر جانتی ہے۔ ان لفظوں کو اب مخصوص موضوعات کی قید سے رہائی چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ یہ لفظ جب اپنے دائرے سے باہر نکلیں گے تو ایک شاہکار تخلیق کریں گے۔ عینی کے لفظوں سے جُڑے ان چند خوابوں کی خوشبو سے میری کتابوں کی الماری مہک رہی ہے اور مجھے یقین دلا رہی ہے کہ خوابوں کا یہ سفر اب کبھی ختم نہیں ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).