جہادی دلہن شمیمہ بیگم کے بچے کی ہلاکت، وزیر داخلہ پر تنقید
سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سنہ 2015 میں لندن چھوڑ کر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے والی شمیمہ بیگم کا پیدا ہونیوالا تیسرا نوزائیدہ بیٹا مر گیا ہے۔
پناہ گزین کیمپ چلانے والے گروہ جہاں شمیمہ بیگم رہائش پذیر ہیں نے اس کی تصدیق کی ہے۔ طبی سرٹیفکیٹ کے مطابق نوزائیدہ بچے کی ہلاکت نمونیا کے باعث ہوئی۔ اس بچے کی عمر تین ہفتوں سے کم تھی۔
برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی بچے کی ہلاکت خاندان کے لیے ‘المناک اور دکھ کا باعث بنتا ہے۔’
ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسلسل اپنے شہریوں کو شام کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور وہ ہم ایسا سب کچھ کرتے رہے گے جس سے ہم لوگوں کو دہشت گردی میں پھنسے اور متنازع علاقوں میں جانے سے بچا سکیں۔
خیال رہے کہ شمیمہ اپنی دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سنہ 2015 میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شمولیت کے لیے ملک چھوڑ کر چلی گئیں تھیں۔ اور رواں برس فروری کے وسط میں شامی پناہ گزین کیمپ سے ملی تھیں۔ وہ واپس برطانیہ آنا چاہتی تھی تاہم ان کو برطانوی شہریت سے محروم کر دیا گیا تھا۔
شمیمہ بیگم کے شوہر یاگو ریڈیک جو اس وقت مشرقی شام میں قائم ایک حراستی مرکز میں قید ہیں کو ان کے بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
کردش ہلال احمر کے کیمپ میں کام کرنے والے طبی عملے کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ جراح نامی بچے کو سانس میں دشواری کا سامنا تھا۔
اس کو جمعرات کی صبح والدہ کے ہمراہ ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ڈاکٹر کے پاس لیجایا گیا تھا۔ طبی عملے نے مزید بتایا کہ بچے کا انتقال مقامی وقت کے مطابق 13:30 پر ہوا۔
جس کے بعد شمیمہ بیگم واپس اپنے کیمپ میں آگئی اور گذشتہ روز ان کے بچے کو دفنا دیا گیا تھا۔
اظہار ہمدردی کے علاوہ کچھ نہیں
برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے بچے کی ہلاکت کی تصدیق سے پہلے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ‘افسوس ہے کہ وہاں شاید بہت سے بچے ہیں جو یقیناً بے گناہ ہیں اور اس وار زون میں پیدا ہوئے ہیں۔’
میرے پاس سوائے ہمدردی کے ان بچوں کے لیے کچھ نہیں ہے جو اس سب میں گھسیٹے گئے ہیں۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ کیوں یہ کسی کے لیے وار زون میں ہونا کتنا خطرناک ہوتا ہے۔‘
19 سالہ شمیمہ بیگم نے گذشتہ ماہ ایک صحافی کی جانب سے ایک شامی پناہ گزینی کیمپ میں ان کو تلاش کرنے کے کچھ عرصہ بعد ہی اپنے بچے کو جنم دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انھوں نے باغز میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے آخری مضبوط گڑھ کو چھوڑ دیا ہے۔
شمیمہ بیگم پہلے دو بچوں کو کھو چکی ہیں اور انھوں نے اپنے نوزائیدہ بیٹے جراح کا نام اپنے پہلے بیٹے کے نام پر رکھا تھا۔
جیسا کہ شمیمہ بیگم کے بیٹے کی پیدائش وزارت داخلہ کی جانب سے ان کی برطانوی شہریت ختم کرنے سے پہلے ہوئی تھی لہذا اس کو اس برطانوی شہری تصور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شمیمہ بیگم کے خاندان نے برطانوی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ فوری طور پر شمیمہ کو شام سے ملک واپس لائیں۔ جس پر برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ شمیمہ کو ملک واپسی پر الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
برطانوی اخبار دی ٹائمز سے بات کرتے ہوئے 19 سالہ شمیمہ بیگم نے جو کہ شام میں واقع ایک پناہ گزین کیمپ میں موجود ہیں یہ پیغام دیا تھا کہ وہ نو ماہ کی حاملہ ہیں اور بچہ پیدا کرنے کے لیے واپس گھر آنا چاہتی ہیں۔


