شیو کمار بٹالوی – پنجابی شاعری کا جان کیٹس


مائے نی مائے میرے گیتاں دے نیناں وچ برہوں دی رڑک پوُے
ادھی ادھی راتیں اٹھ رون موئے متراں نوں مائے سانوں نیند نہ پوُے

نصرت فتح علی خان کے گائے اس مشہور گیت پہ سبھی لوگ سر دھنتے ہیں مگر یہ بات کم لوگ جانتے ہوں گے کہ اس گیت کے خالق کون ہیں۔ یہ جان کیٹس کی طرح جوانی میں بھرے میلے کو چھوڑنے والے پنجابی شاعر شیو کمار بٹالوی ہیں۔ 23 جولائی 1936 میں ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد خاندان کے ہمراہ بٹالہ ضلع گورداسپور آباد ہوئے۔ رومانوی اور تخیلاتی مزاج کے حامل تھے۔

خواب بننامشغلہ رہا۔ دن بھرغائب رہنا معمول تھا۔ کبھی دریا پہ اور کبھی مندر میں پائے جاتے۔ تعلیمی اعتبار سے کئی ڈگریوں کا آغاز کرتے مگر تکمیل سے قبل ہی خیرباد کہہ دیتے۔ رامائن سے متاثر رہے۔ دیہاتی تہذیب، رومانس، ہجر، رومانس اور جوگیوں کو شاعرانہ تخیل کا خوب حصہ بنایا۔ تشبیہات اور استعارات کا استعمال کمال درجے کا کرتے تھے۔ کہتے ہیں

آکھ سو نی مائے ٹک ہجراں دا پکیا لیکھاں دے نے پٹھڑے توے

عہد شباب میں مینا نامی لڑکی پہ فدا ہوئے۔ مگر اس کی بے وقت کی موت نے شیو کمار کو رُلا دیا۔ بعد ازاں جان کیٹس کی فینی بران کی طرح اک اور لڑکی کو دل دیا تو وہ کسی اورسے شادی کرکے امریکہ سدھار گئی۔ اس لڑکی کے پہلے بچے کی پیدائش پر شیو کمار نے شہرہ آفاق گیت لکھا

مائے نی میں اک شکرا یار بنایا

آخرارونا نامی لڑکی سے شادی کر کے آخر تک ساتھ نبھایا۔ پہلی کتاب ”پیڑاں دا پراگا“ 1960 میں لکھی۔ 1965 میں منظوم ڈرامہ، لونا ”لکھا ا ور سب سے چھوٹی عمر میں سہتیا اکیڈمی ایوارڈ حاصل کیا۔ بے شمار غزلیں لکھیں۔ عشق میں ناکامیوں اور ترقی پسندوں کی بے جا تنقید سے بہت مایوس ہوئے۔ مالی عسرت اور بیماری نے گھر میں ڈیرے ڈال دیے۔ رہی سہی کسر کثر ت شراب نوشی نے پوری کر دی۔ دوست احباب رفوچکر ہونے لگے۔ بیوی نے چندی گڑھ ہسپتال داخل کروایا مگر اخراجات برداشت نہ کر پانے کے باعث اپنے میکے منتقل کر دیا جہاں 7 مئی 1973 میں یہ کمال کا شاعر اس بے وفا اور فانی دنیا سے“ مکتی ”پا گیا۔

اس کی مشہور نظم“ الوداع ”اس کے مرنے کے بعد چھپی۔ برصغیر کے تمام مشہور گلوکاروں نے شیو کمار کے بے شمار گیت گا کر داد تحسین وصول کی۔ جن میں جگجیت سنگھ، چترا سنگھ، پنکج اداس، سریندر کور۔ مہندر کپور۔ ہنس راج، غلام علی۔ مہدی حسن اور استاد نصرت فتح علی خان شامل ہیں۔ شیو کمار کہا کرتے تھے
” مجھے پی ایچ ڈی کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ لوگ مجھ پہ پی ایچ ڈی کریں گے“ ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).