عورتوں کو پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے: ملائکہ اروڑہ


ٹائیگر شروف بالی ووڈ کے ایسے اداکار ہیں جو بہت ہی خاموشی کے ساتھ انڈسٹری کے ایک بڑے ایکشن ہیرو بنتے جا رہے ہیں۔ ٹائیگر کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ بالی وڈ کے ہنگاموں سے دور اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں۔ ٹائیگر شروف کی کچھ فلمیں ہٹ رہیں تو کچھ فلاپ لیکن جلدی ہی وہ کرن جوہر کی سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو میں نظر آئیں گے۔

یوں تو ٹائگر رتک روشن کے زبردست فین ہیں اور کافی حد تک انہیں کاپی کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک انٹرویو میں انھوں نے اعتراف کیا کہ وہ سلمان خان سے صرف ایک سوال کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کس طرح لوگوں کو اپنا دیوانہ بناتے ہیں اور ان کی فلاپ فلم بھی سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیسے کرتی ہے۔

اب سلمان خان ٹائیگر شروف کے اس سوال کا کیا جواب دیں گے اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے اور اس کہاوت کا استعمال بھی ٹھیک نہیں لگتا کہ بھائی سونا تپ تپ کر ہی کندن بنتا ہے کیونکہ دراصل سلمان عام پبلِک کے ہیرو ہیں وہ ایک بہترین اداکار شاید نہ ہوں لیکن تفریحی دنیا میں ان کی شخصیت اتنی قد آور بن چکی ہے کہ اسے بیان کرنا مشکل ہے۔

سلمان کی فلاپ فلم بھی سو کروڑ کا بزنس کرتی ہے اس کی وجہ صرف ان کی مقبولیت ہے۔

خوشی کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں

ملائکہ اروڑہ کسی نہ کسی طرح ہر ہفتے سرخیوں میں آ ہی جاتی ہیں۔کبھی ارجن کپور کی وجہ سے تو کبھی اپنے بن داس انداز کے سبب۔

پچھلے کچھ دنوں سے ارجن اور ان کی شادی کی تاریخیں اور دیگر تفصیلات میڈیا اور سوشل میڈیا پرگردش کر رہی ہیں۔ حال ہی میں صحافی اور فلم کرٹک انوپما چوپڑہ کے ساتھ ان کا انٹرویو دیکھنے کا اتفاق ہوا ملائکہ بے باکی سے اپنے بارے میں ہر طرح کے سوالوں کے جواب دے رہی تھیں اور جب ارجن کپور کی بات آئی اور ان سے پوچھا گیا کہ کیا ارجن اور ان کی شادی کی خبریں سچ ہیں تو ملائکہ نے شرماتے لجاتے ہوئے کہا کہ یہ سب میڈیا کی باتیں ہیں۔

ملائکہ اور ارجن کے نزدیکیاں کسی سے چھپی نہیں ہیں اور ملائکہ اپنی ذاتی زندگی پر کافی کھلے انداز میں بات بھی کرتی ہیں۔ پھر ان سوالوں کا جواب اس طرح دینا کہ ‘بات ہے بھی اور نہیں بھی’ کچھ عجیب لگتا ہے۔ بہرحال ان کا کہنا ہے کہ وہ زندگی میں وہی کرتی ہیں جس سے انہیں خوشی ملتی ہے اور وہ اس کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہیں۔

اس انٹرویو میں ملائکہ نے خواتین کے حوالے سے ایک بہت اچھی بات کہی کہ ‘خواتین کو سب سے پہلے خود سے محبت کرنی سیکھنی چاہیے’۔ یہ درست بھی ہے کیونکہ خواتین ہمیشہ ہی ایک بیوی، بہن، ماں یا بیٹی کے کردار میں خود کو باندھ کر رکھتی ہیں جس میں کوئی برائی بھی نہیں لیکن وہ خود کیا چاہتی ہیں یا انہیں کس بات سے خوشی ملتی ہے اس پر ان کا دھیان کم ہی جاتا ہے۔

رنویر دپیکا

دیپکا کا مجسمہ بھی گھر لے جانے کی خواہش

رنویر سنگھ ‘ ان کے والدین اور ان کے سسرال والےسب اس ہفتے لندن میں تھے کیونکہ لندن کی عجائب گھر مادم توساؤ میں ان کی بیگم دپیکا پادوکون کے موم کے مجسمے کی نقاب کشائی تھی۔

نقاب کشائی کی تقریب کی لائیو سٹریمنگ انسٹا گرام پر کی گئی دپیکا اور رنویر کے گھر والے بھی اس موقع پر موجود تھے اور سبھی نے مجسمے کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔

رنویر سنگھ جنہیں اینرجی کا بنڈل کہہ کہہ کر لوگوں نے کچھ زیادہ ہی اچھل کود کرنے پر مجبور کر دیا ہے انھوں نے پہلے تو مجسمے کے گرد چکر لگائے اور وہاں موجود اہلکاروں سے پوچھا ‘کیا میں اسے گھر لے جا سکتا ہوں’۔

رنویر سنگھ بھی کمال ہیں پہلے ہی ایک دپیکا کے ملنے کے بعد سے ہی مائی وائف دپیکا کہہ کہہ کر بے حال ہوئے جا رہے ہیں تو دوسری کیسے سنبھالیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp