شامی جمہوری فورسز کا دعوی: ‘دولت اسلامیہ کا آخری گڑھ بھی ختم’

امریکہ نواز شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) کا کہنا ہے نام نہاد شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی شکست کے بعد اس کی پانچ سالہ ‘خلافت’ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ ایس ڈی ایف کے جنگجو دولت اسلامیہ کے آخری گڑھ کہے جانے والے باغور پر فتح کے پرچم لہرا رہے ہیں۔ اپنے بہترین دور میں دولت اسلامیہ شام و عراق کے تقریبا 88 ہزار مربع کلومیٹر پر قابض تھی۔
زمین پر کنٹرول گنوا دینے کے بعد بھی اس تنظیم کو عالمی سکیورٹی کے خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ دولت اسلامیہ کا ابھی بھی اس خطے میں وجود ہے جبکہ نائجیریا، یمن، افغانستان اور فلپائن جیسے ممالک میں اس کی ہمنوا تنظیمیں موجود ہیں۔
حتمی جنگ کیسی رہی؟
کردوں کی قیادت والے ایس ڈی ایف اتحاد نے مارچ کے ابتدا میں دولت اسلامیہ کے خلاف اس وقت آخری حملہ کیا جب دولت اسلامیہ کے باقی ماندہ جنگحو باغور نامی گاؤں میں محدود ہو گئے تھے۔ اتحاد کو اس انکشاف کے بعد مجبوراً رفتار کم کرنی پڑی کہ وہاں بڑی تعداد میں عام شہری بھی ہیں جو کہ عمارتوں، خیموں اور سرنگوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ جنگ اور اشیائے خوردنی کی قلت کے سبب ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچے اور غیرملکی شہریوں نے پناہ گزینوں کے لیے ایس ڈی ایف کے قائم کردہ کیمپوں میں پناہ کے لیے نکل آئے۔ اس کے علاوہ دولت اسلامیہ کے بہت سے جنگجوؤں نے بھی باغور چھوڑ دیا لیکن جو وہاں بچ رہے انھوں نے خودکش بمباروں اور کاربموں کے ذریعے سخت مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔
ایس ڈی ایف میڈیا آفس کے سربراہ نے ٹویٹ کیا کہ ‘ایس ڈی ایف نے نام نہاد خلافت کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے اور دولت اسلامیہ کا صد فیصد زمینی کنٹرول ختم کر دیا ہے۔’ ‘اس انوکھے دن کو ہم ہزاروں شہدا کے نام کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے یہ فتح ممکن ہو سکی۔’
صدر ٹرمپ نے گذشتہ سال کے اواخر میں ہی دولت اسلامیہ کی شکست کا اعلان کرتے ہوئے امریکی فوجیوں کے انخلا کا منصوبہ پیش کیا تھا جس سے ان کے حلیف خوش نہیں ہوئے تھے اور ان کے اپنے سینیئر اہلکار مستعفی بھی ہو گئے۔ اس رد عمل کے بعد وائٹ ہاؤس نے کہا کہ کچھ امریکی فوجی خطے میں موجود رہیں گے۔
اب بھی دولت اسلامیہ کے متعلق تشویش کیوں ہے؟
دولت اسلامیہ سنہ 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے نتیجے میں القاعدہ کے بطن سے پیدا ہوئی۔ اس نے سنہ 2011 میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف بغاوت میں شرکت کی۔ سنہ 2014 تک اس نے دونوں ممالک میں ایک بڑے خطے پر قبضہ کر لیا اور ‘خلافت’ کا اعلان کر دیا۔ ایک وقت ایسا آيا جب دولت اسلامیہ کی عملداری میں 80 لاکھ افراد آتے تھے اور اس نے تیل، تاوان، ڈاکے اور اغوا سے اربوں ڈالر حاصل کیے اور اپنے خطے کو دوسرے علاقوں پر حملے کے لیے استعمال کیا۔
دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں باغور کی لڑائی اہم موڑ تھا۔ عراقی حکومت نے اس جنگجو تنظیم کے خلاف فتح کا سنہ 2017 میں ہی اعلان کر دیا تھا۔ لیکن یہ تنظیم شکست سے بہت دور تھی۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ 15 سے 20 ہزار سرگرم مسلح جنگجو ابھی بھی خطے میں ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے سلیپر سیل کے طور پر کہیں خاموشی سے زندگی بسر کر رہے ہوں گے اور وہ اس وقت باہر نکل کر آئيں گے جب یہ خود کو از سر نو منظم کرنا چاہیں گے۔ باغور کی شکست کو سامنے دیکھتے ہوئے دولت اسلامیہ نے ایک آڈیو ریکارڈنگ نشر کی جس میں یہ کہا گیا ہے کہ خلافت ختم نہیں ہوئی ہے۔ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ یہ آڈیو تنظیم کے ترجمان ابو الحسن المہاجر نے نشر کی ہے۔



