لوح قرانی پر اعتراض تھا مجھے
رات کے دو بج رہے تھے میں اپنے کمرے میں بیٹھا لیپ ٹاپ پر ایک ریسرچ میں مصروف تھا۔ ذرا سادھیان چونکا تو دل میں خیال آیا آج سارا دن چائے کا کوئی کپ نہیں پیا، دیکھا تو گھر میں سب کے سب لمبی تان کر سو رہے تھے سوچا کچن میں جاؤں گا تو خوامخواہ میں ڈسٹرب ہوں گے میں اٹھا گھر کا گیٹ کھولا باہر روڈ پر دیکھا ایک چائے والی دکان کھلی جس کے باہر ساری کرسیاں خالی تھیں مگر جونہی ایک نظر دکان کے اندر لگی (ایل ای ڈی) پر پڑی اور گانوں کی آواز کانوں میں، دل چاہا اندر جا کر آرام سے بیٹھوں جیسا کہ میں نے کیا بھی۔
دکان کے اندر مجھ سمیت تین لوگ تھے جو (ایل ای ڈی ) پر لگے کھسروں کے مجرے دنیا کی ساری فکروں سے آزاد ہو کر انجوائے کر رہے تھے۔ گانے کی آواز بہت زیادہ تھی ذرا سی نظر دوڑانے سے معلوم پڑا کہ (ایل ای ڈی ) سامنے والی دیوار پر دائیں جانب اور بڑے بڑے دو (بوفر سیٹ) بائیں جانب لگے ہیں، مگر ان دونوں کے درمیان ایک اور چیز بھی تھی۔ جس پر غور کرنے ہی والا تھا کہ دکان والا میرے پاس چائے رکھ گیا میں نے آرام سے ٹانگ پر ٹانگ رکھی اور چائے کے سپ لینے شروع کیے اور ڈانس دیکھنے لگا، کیا مزے کے لمحات تھے مگر شاید میرے لیے نہیں اچانک موڈ اداس ہونے لگا مگر میرا موڈ زیادہ تر میرے بس میں ہوتا ہے جلد ہی جان جاتا ہوں کہ وجہ کیا بنی جو ایک ہی لمحے میں موڈ بگڑ گیا، میں چائے پر دھیان بڑھانے لگا نظریں نیچی کرکے ایک گہری سوچ میں چلا گیا کہ آخر یہ دنیا کیا چیز ہے؟
یا پھر انسان کس کس طرح سے اپنا روپ ایک جھٹ سے تبدیل کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ میں اپنے آپ کو کچھ منٹ پیچھے لے کر گیا جب چائے والی دکان میں انٹری ماری مجھے (ایل ای ڈی) پر لگے گانوں نے اتنا متاثر کیا کہ میں نے دکان کے باہر ساری خالی کرسیاں چھوڑ کر اندر بیٹھنے کو ترجیح دی تاکہ سکون سے بیٹھ کر دیکھ بھی سکوں۔ لیکن اچانک میرے اس موڈ کو کس کی نظر لگ گئی؟ حالانکہ مجھے کسی نے اتنی غور سے دیکھا بھی نہی اور دیکھتا بھی کون؟ وہ دو لڑکے؟ جو پہلے سے ہی (ایل ای ڈی) پر نظر جمائے کھسروں کا ڈانس دیکھ رہے تھے؟ نہیں ایسا بالکل بھی نہیں تھاپھر اعتراض کس چیز پر ہوا جو بنابنایا موڈ ایک دم سے اداسی میں بدل گیا اگر مجھے گانوں اور ڈانس پر ذرا سا بھی اعتراض ہوتا تو میں اندر آکر کیوں بیٹھا؟
میں تو گھر سے چائے پینے نکلا تھا چائے بھی مل گئی اور مزے سے چسکیاں بھی بھر رہا تھا اور گانوں کے ساتھ ڈانس بھی ملاحضہ کررہا تھا کسی قسم کی کوئی فکر بھی لاحق نہ تھی پھر وجہ کیا بنی۔ اب وجہ یہ بنی کہ جب میں دیوار پر دائیں جانب (ایل ای ڈی) اور بائیں جانب (بوفر سیٹ) کو دیکھ رہا تھا تو ان کے درمیان ایک تصویر لٹک رہی تھی جس پر (لوح قرانی ) درج تھی میں سوچنے لگا کہ میں (ایل ای ڈی) پر لگے ڈانس کو دیکھوں یا پھر اس کے ساتھ لگی اس تصویر کو جومجھے ندامت دلانے میں اپنا کردار ادا کررہی تھی۔
یہاں پر میرے دو اعتراض بن سکتے تھے، پہلا یہ کہ رات کے اس وقت اتنی بلند آواز میں گانے اور ڈانس کیوں اس دکان دار نے لگا رکھے ہیں؟ ۔ مگر مجھے یہ اعتراض اس وقت ہوتا جب میں دکان کے باہر کھڑا تھا لیکن مجال ہے کہ ایسا ہوا ہومیں تو اس دکان کے باہر لگی خالی کرسیوں پر جا کر بیٹھا کہ اچھے سے ان لمحات کو انجوائے کر سکوں۔ دوسرا :اعتراض یہ ہو سکتا تھا کہ (ایل ای ڈی) اور (بوفر سیٹ) کے درمیان (لوح قرانی ) کا کیا کام؟ جب دونوں اطراف ایک عجب سا ماحول اور درمیان میں (لوح قرانی) کیوں لٹک رہی ہے کیا یہ اس کی بے حرمتی تو نہیں؟ یہ میرے لیے بالکل ایسا ہی تھا جیسے ایک بچے کا قتل اس کی ماں کو سامنے بٹھا کر کیا جا رہا ہو اور ماں ہر طرح سے بے بس۔ !
اعتراض یہ بھی ہو سکتا تھا کہ (ایل ای ڈی) اور (بوفر سیٹ) اتار دیے جائیں لیکن اگر ایسا ہو جاتا تو اس کی دکان میں صرف (لوح قرانی ) لٹکی رہ جاتی اور اس کو دیکھنے کے بہانے کون اتنی زیادہ دیر تلک اس کی دکان میں بیٹھتا اور چائے منگوائے جاتا؟ اس کی زبردست سی مثال ایک یہ بھی ہے جب تک پاکستان کی فلمز میں ہم نے آئٹم سونگ کو شامل نہیں کیا تھا ہماری فلم انڈسٹری فلاپ رہی مگر جونہی پاکستان نے اپنی فلمز میں آئٹم سونگ شامل کیا، دنوں میں ہماری فلم انڈسٹری ترقی کے رستے پر گامزن ہونے لگی، ایسا کیوں ہوا؟
اس کا جواب آپ خود اچھے سے جانتے ہیں۔ مگر اس نے وہ (ایل ای ڈی) اور (بوفر سیٹ) ہی اس لیے لگائے تھے تاکہ لوگ آتے جائیں، بیٹھتے جائیں اور چائے پر چائے منگواتے جائیں اور اس کی دکان چلتی رہے۔ اور اتنے ہی لاپرواہ لوگ ہم جنہیں گانوں اور مجروں پر اعتراض نہیں آتا بلکہ (لوح قرانی) پر اعتراض اٹھا دیا کہ یہ یہاں پر کیوں لگی ہے؟ لیکن قارئین کے لیے عرض ہے کہ میں نے بھی دکان والے سے ذرا سا اعتراض کرنا مناسب نہیں سمجھا وہاں سے اٹھا چائے کے پیسے اس کے ہاتھ میں تھمائے اور واپس اپنے کمرے میں آکر ایک تحریر لکھ ڈالی جس کا عنوان رکھا۔ ”لوح قرانی پر اعتراض تھا مجھے“ میں کر بھی کیا سکتا تھا اس اعتراض کے علاوہ؟ اگر آپ میری جگہ ہوتے تو کس پر اعتراض اٹھاتے، (لوح قرانی) پر یا مجروں پر۔ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں۔ !


