شیخ رشید کا طالبات کو موبائل کم استعمال کرنے اور جلدی سونے کا مشورہ


وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے طالبات کو موبائل فون کم استعمال کرنے اور رات کو جلدی سونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروا دیں۔

ویمن کالج راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی خواتین کی تعلیم میں سب آگے ہے۔ وزیر ریلوے نے اس دوران لڑکیوں اور لڑکوں کی تعلیمی دلچسپی پر بھی روشنی ڈالی اور لڑکوں کو نالائق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکے نالائق ہیں پڑھتے ہی نہیں، یہی وجہ ہے کہ لڑکے کو 450 اور لڑکی کو 700 نمبر پر داخلہ ملتا ہے۔

شیخ رشید نے طالبات کو تعلیم پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے موبائل فون کا استعمال بھی کم کرنے اور رات جلدی سونے کا مشورہ دیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ رات کو سب جلدی سویا کریں، موبائل فون استعمال نا کیا کریں، میرا بس چلے تو میں اسمارٹ فون ہی بند کروادوں۔

شیخ رشید نے اپنی ڈگری اصل ہونے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سیاستدانوں کی جعلی ڈگری سامنے آئی لیکن مجھ پر آج تک کسی نے جعلی ڈگری ہونے کا الزام نہیں لگایا کیونکہ میری ڈگری بی اے میں کمپارٹ تھی اور جس کے نتیجے میں کمپارٹ ہوتی ہے اس کی ڈگری پر شک نہیں ہوتا۔

Facebook Comments HS