لوک سبھا الیکشن : مسلمانوں کے لیے آزمائش کی گھڑی


لیکن چونکہ بیگوسرائے پر پور ے ملک کی نظر ہے اور اس کا نتیجہ ملک میں سیکولرزم، ہندو مسلم تعلقات اور رواداری کی نظیر کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے اس لیے بیگوسرائے کے مسلم ووٹروں پر تاریخ بنانے اور مثال قائم کرنے کی ذمہ داری ہے۔ بیگوسر ائے کے مسلم ووٹروں کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ فرقہ یا مذہب کی بنیاد پر یا کسی مخصوص پارٹی کے مسلم حاشیہ برداروں کے ووٹ بینک بننے کے بجائے ایسی طاقتوں کو مضبو ط کریں گے جو ببانگ دہل اور بغیر کسی مصلحت اور پارٹی لائن سے آزاد ہوکر سڑک سے سے لے کر پارلیمنٹ کے ایوانوں تک اُن کے حق کی آواز بلند کر سکے۔ بیگوسرائے کی با اثراور صاحب حیثیت ملی اور سماجی حلقوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کنہیا کمار کی بھاری اکثریت سے جیت کا سہرا مسلمانوں کے سر بندھے اور ایک ایسی نظیر قائم ہو جو ملک میں نفرت اور تعصب کے حواریوں کے لیے عبرت کا سامان بن جائے۔

بہارکی دوسری سب سے اہم نشست جس پر پورے ملک کی نظر ہے اورجہاں سے مسلمان ووٹروں کو آزمائش کا سامنا ہے وہ بہار کے شمال مشرقی علاقے سیمانچل کے کشن گنج پارلیمانی حلقے کی ہے، جہاں سے سابق ایم ایل اے اور صوبہ بہار کے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اخترالایمان میدان میں ہیں۔ ایک محطاط اندازے کے مطابق کشن گنج 70 فیصد مسلم آبادی والا بہار کاسب سے اکثریتی انتخابی حلقہ ہے اور یہا ں سے ہمیشہ سے مسلم اُمیدوار ہی منتخب ہوتے آئے ہیں۔

لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کشن گنج بہارکے دیگر علاقوں کے مقابلے میں انتہائی پسماندہ اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ بیماری، غربت اور تنگدستی کے شکار اس ضلع میں زندگی کی بنیادی سہولتیں مثلاً اسکول، کالج، ہسپتال اور پینے کے صاف پانی کی شدید قلت خلق خدا کے حُلیے اور چہروں سے عیاں ہوتی ہے۔ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ 10 سالوں تک یہاں کی قیادت کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت سے ایک مشہور عالم دین مرحوم مولانا اسرار الحق قاسمی کے ہاتھوں میں رہنے کے باوجود یہ علاقہ علم و ہنر سے اس قد ر محروم کیونکر رہ گیا، وہ بھی اُس وقت جب پانچ سالوں تک مرکز میں کانگریس کی قیادت میں سرکار موجود تھی۔

دراصل حقیقت یہ ہے کہ مولانا کی مذہبی حییثیت اور اُن کی کشن گنج کے مسلمانوں سے مذہبی عقیدت کا فائد ہ اُٹھاتے ہوئے کشن گنج کو کانگریس محض اپنے لیے پارلیمنٹ کی ایک آسان سیٹ کے طور پر دیکھتی اور یہاں کے غریب اور ناخواندہ ووٹروں کا استحصال کرتی رہی، اور جب بات کشن گنج کے لیے کسی خصوصی پیکج یا کسی ترقیاتی منصوبے کی آتی تھی تو مولانا کو پارٹی لائن کی حدود میں رہنے کی نصیحت کر کے خاموش کر دیا جاتا اور مولانا بے بسی کی تصویر بنے صبر وشکر کے ساتھ یادِ خداوند ی میں مصروف ہوجاتے۔

حد تو اُس وقت ہوگئی جب پارلیمنٹ میں تین طلاق پر بحث ہورہی تھی اور مسلمانوں کے موقف پر اکیلا مورچہ ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے سنبھال رکھا تھا اور این سی پی اور کانگریس کی دو شعلہ بیان خاتون مقررین محترمہ سپر یا سولے اور محترمہ رنجیت رنجن نے پارٹی لائن سے اوپر اُٹھ کر مسلمانوں کے موقف کی زبردست تائید کی تھی، ایسے وقت میں مولانا کو کانگریس ہائی کمان سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں قوم کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ مولانا اُ سی مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ممبر بھی تھے جس کی پہل پر محترمہ رنجیت رنجن اور محترمہ سُپریا سولے نے مسلمانوں کے موقف کی وکالت کی تھی۔

مسلمانوں کو اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ ہمیں کیا اس طرح کی مسلم قیادت اور پارلیامنٹ میں علامتی نمائندگی کی واقعی کوئی ضرورت ہے جو عین ضرورت اور بحران کے وقت مصلحت کا شکار ہوجائے یا پارٹی ہائی کمان کے اشارہ ابرو کی محتاج بنا دی جائے۔ اب چونکہ مولانا اس دنیا میں نہیں ہیں اور اُن کی جگہ کانگریس پارٹی نے ایک بار پھرپارٹی کے ایک وفادار مسلم چہرے کو اُمیدوار بنایا ہے جو پارلیامنٹ میں ہماری علامتی نمائندگی کا بوجھ اُٹھا سکے، ایسے میں ایم آئی ایم کے اُمیدوار کی حیثیت سے اخترالایمان کی امیدواری نہ صرف کشن گنج کے مسلمانوں کے لیے بلکہ پورے سیمانچل اور ہندستان کے مسلمانوں کے لیے اپنی قیادت کو پارلیامنٹ بھیجنے کا ایک سنہری موقع ہے۔

اس سے جہاں ایک طرف کشن گنج میں ایمانداری سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہوگا اور حیدر اباد کی طرز پر اسکولوں کالجوں اور ہسپتالوں کا قیام عمل میں آئے گا وہیں پارلیامنٹ میں مسلمانوں کی ایک مضبوط اور موثر آواز ہوگی اور بیرسٹر اسدالدین اویسی کی قوت کو بھی تقویت ملے گی۔ گزشتہ پانچ سالوں سے جس طرح ایم آئی ایم کے صدرفرقہ پرستی اور فسطائیت کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے ہوئے ہیں اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہرجس حوصلہ سے مسلمانو ں کے موقف کی نمائندگی کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے اور قوم کی بھی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ایسی بے باک اور باحوصلہ قیادت کے ہاتھوں کو مضبوط کرے۔

اور آخر میں ایک سب سے اہم بات یہ کہ ہماری مذہبی اور ملی قیادت کسی بھی پارٹی یا اُمیدوار کی حمایت میں یا مخالفت میں کوئی اپیل جاری نہ کرے تاکہ فرقہ پرستوں کو مخالف پروپگینڈے کے لیے مواد فراہم نہ ہوجائے۔ بلکہ اگر کچھ کرنا ہے تو خاموشی سے ہر حلقہ میں، ہر محلہ اور ہر پولنگ بوتھ پر یہ یقینی بنائیں کہ ہمارے بڑے، بزرگ اور خواتین سب بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ 80 فیصد مسلم پولنگ کے چیلنجنگ ہدف کو قبول کریں اور اس کے لیے پولنگ کے دن اپنی تمام ذرائع اور توانائی کا استعمال کریں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2