کیا آپ ماہر معیشت ہیں؟


انکل کیا آپ ماہر معیشت ہیں؟ جی بیٹا

یہ ماہر معیشت کیا کرتا ہے؟ بیٹا ماہرمعیشت دوسروں کو یہ بتاتے بتاتے بہت سے پیسے کما لیتا ہے کہ پیسے آخر کمانے کیسے ہیں۔ واہ! انکل پلیز مجھے بھی کچھ بتائیں میں بھی بہت سے پیسے کما کر امیر ہونا چاہتا ہوں۔ برسوں سے انتھک محنت اور کوشش کررہا ہوں پر سب بیکار!

بیٹا آج کے دور میں امیر ہونا کوئی مسئلہ ہی نہیں۔ کسی بھی ایک شعبے پر بھرپور توجہ دو اور اس میں مہارت حاصل کرکے پیسہ بنانا شروع کر دو۔ جب پہلی کامیابی مل جائے تو پھر بے شک مختلف شعبوں میں قسمت آزماؤ۔ وہ کیسے؟ انکل پلیز ذرا تفصیل سے بتائیں۔

جیسا کہ تم گاڑیاں بنانا شروع کردو اور پھر اس قدر بہترین گاڑیاں بناؤ کہ دنیا بھر میں تمہاری گاڑی کی دھوم ہو۔ اس طرح دنیا کو گاڑیاں بیچو اور پیسے کما کر رئیس ہوجاؤ۔ یا پھر آئی ٹی کی سروس، پھل، سبزیاں وغیرہ۔ تعلیم، سیاحت۔ وغیرہ وغیرہ۔ کچھ بھی ایسی چیز جو تم بیچ سکتے ہو اسے اچھے سے پیک کرو اور دنیا کو بیچ ڈالو۔ بیٹا جی جس کو دولت کی بھوک ہو وہ تو اپنا درد تک بیچ ڈالتا ہے۔ پھر آج کل تو یہ سب اور بھی آسان ہوگیا ہے۔

انکل کچھ نہ کچھ بنانا ضروری ہے کیا؟ یہ گاڑیاں اور کمپیوٹر وغیرہ تو میں دوسروں سے بھی لے سکتا ہوں وہ بھی بیچ ہی رہے ہیں۔ پھر اس کو بنانے میں بیچنے میں بہت سے مسائل ہیں۔ وقت بھی بہت درکار ہے۔ صبر کرنا ہوگا۔ میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے۔ آپ کوئی آسان اور جلد دولت کمانے کا طریقہ کیوں نہیں بتاتے؟ لمبا راستہ کیوں دکھاتے ہیں؟ کوئی تخلیقی اور منفرد حل بھی تو ڈھونڈا جا سکتا ہے۔

بیٹا تمہارے دماغ میں جو خیالات ہیں وہ مجھے بتاؤ۔ مثال کے طور پر تم کیا کرنا چاہتے ہو۔ کس طرح دولت کمانا چاہتے ہو؟ امممم انکل تھوڑا سوچنے دیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ میرے گھر کے باغ میں سے اچانک سے سونا نکل آئے اور میں وہ بیچ کررئیس ہ وجاؤں یا پھر میرے گھر کے نیچے سے تیل کے ذخائر نمودار ہوجائیں۔ اممم یا پھر یہ بھی تو ہوسکتا ہے میں اپنے گھر کے سامنے سے گزرنے والوں سے پیسے لینا شروع کردوں اور یوں پیسے بناؤں۔

آپ کو تو معلوم ہے میرا گھر بڑی مصروف شاہراہ پر واقع ہے۔ یا پھر کسی رئیس کو کوئی ایسا کام پڑ جائے جو صرف میں ہی کر سکتا ہوں اور یوں میں بہت سی دولت کما کر مالامال ہو جاؤں۔ بیٹا آج تک ایسا کرکے نہ کسی کو امیر ہوتے دیکھا نہ سنا نہ ہی کہیں پڑھا۔ مجھے یہ ممکن نہیں لگتا۔ انکل یہی تو مسئلہ ہے آپ کا۔ آپ ایک تو بڈھے ہیں، آپ کے خیالات فرسودہ ہیں، آپ نئی سوچ کو تسلیم نہیں کرتے۔ دوسرا آپ کا اللہ پر ایمان نہیں ہے۔ انسان ایماندار ہو تو اللہ خزانوں کے منہ کھول دیتا ہے۔ آپ دیکھنا میرے حالات بہت جلد بدل جائیں گے اور میرا شمار رئیس ترین افراد میں ہوگا۔ میرا نام یاد رکھیے گا۔ ٹھیک ہے بیٹا اپنا نام تو بتاتے جاؤ۔

آپ مجھے نہیں جانتے؟ میں پاکستان!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).