شاہ محمود قریشی کے اعتراض پر جہانگیر ترین بھی میدان میں آ گئے، جوابی بیان جاری کر دیا


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سرکاری میٹنگز میں شرکت پر اعتراض کے بعد جہانگیر ترین بھی میدان میں آ گئے ہیں اور جواب جاری کر دیا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے شاہ محمود قریشی کے بیان پر جواب جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وزیراعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں ، سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف وزیراعظم عمران خان کو ہی جواب دہ ہوں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت میرا حق ہے اور شاہ محمود سمیت ملکی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔

جہانگیر ترین نے ٹویٹر پر بھی پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’میری زندگی میں صرف ایک ہی ایسا شخص ہے جسے میں لیڈر مانتا ہوں اور جسے میں جواب دہ ہوں اور اس کا نام عمران خان ہے، میں ہر اتار چڑھاﺅ میں ان کے ساتھ رہا اور آخری سانس تک رہوں گا۔ دوسرے اپنی عجیب وجوہات کی وجہ سے کیا کہتے ہیں اس سے مجھے فرق نہیں پڑتا۔‘‘

یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کی بے پناہ خدمات ہیں جن کی میں تعریف بھی کرتا تھا اور کرتا ہوں لیکن جہانگیر ترین سے کہوں گا کہ سوچیے، آج جب آپ سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو بولنے کا موقع ملتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).