اصل میدان معاشی ترقی کا ہے


زرداری، نواز شریف، عمران خان، ججز، نیب اور جنرل قمر باجوہ کی خواہشات سے بڑھ کر پاکستان کی سلامتی اور اس کے عوام کی معاشی خوشحالی اہم ہے۔ پاکستان کی اکنامک گروتھ اہم ہے۔

معاشی طاقت ہی پاکستان کو مزید مضبوط دفاعی طاقت بنائے گی۔ پاکستان کل کو پہلے سے بھی بہتر طیارے خرید کر اور اپنے پائلٹس کو اور اچھی تربیت دے کر بھارتی جارحیت کا مزید بہتر مقابلہ کر سکے گا۔ وطن کے دفاع کے لیے جنگ لڑنا پڑی تو بہتر اسلحے اور وسائل کے ساتھ دیر تک لڑ سکے گا۔ اسی میں وطن کا اور اس کے لوگوں کا مفاد ہے۔ نا کہ بلند بانگ، مگر بے بنیاد دعووں اور ناقابلِ عمل منصوبوں میں۔

وزیرِ اعظم عمران خان اچھے لگے، فوج بہت اچھی لگی جب انہوں نے بے بنیاد بھارتی جارحیت کو بہادری کے ساتھ کاؤنٹر کیا جو کہ شاید بھارت سے مرعوب کسی نواز شریف کے بس کی بات نہ ہوتی۔ لیکن یہ ایک دن یا چند ہفتوں کا معاملہ نہیں۔ یہ تو مسلسل جدوجہد ہے۔

جو بھی بہتر اکنامک گروتھ، بزنس اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ، ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ، سٹاک مارکیٹ ایکسپینشن اور وطن دوستی کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر سہولیات ڈیلیور کرے گا، لوگوں کو معاشی ریلیف دے گا۔ لوگوں کی قوتِ خرید اور روزگار کے موقع بڑھائے گا، معیشت کا حجم بڑھائے گا، صنعتی، کارپوریٹ اور معاشی سرگرمیاں بڑھائے گا وہی پاکستان کا سچا محسن ہو گا۔

معیشت کا حجم اور قومی پیدوار زیادہ ہو تو معاشی کرپشن اور بڑھتے ہوئے قرضے ملک کا کچھ نہیں بگاڑتے۔ دنیا بھر میں ملک کی معاشی قوت یا معیشت کا حجم بڑھانے کے بعد، ڈویلپمنٹ کا بجٹ بڑھانے کے بعد ہی کرپشن پر چیک رکھا جاتا ہے اور دفاعی بجٹ بڑھایا جاتا ہے۔ بین الاقوامی اثرو رسوخ بڑھایا جاتا ہے۔ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ہائر ایجوکیشن پر کثیر رقم خرچ کی جاتی ہے اور پھر بیرونی رابطوں سے سیاحت کی صنعت کو ترقی دی جاتی ہے۔ ایسا کیے بغیر سکڑتی معیشت، اقتصادی جمود، خوف و ہراس اور جی ڈی پی سے میل نا کھاتا ہوا دفاعی بجٹ ملکوں خوشحال نہیں کرتا، بلکہ کنگال کر کے بکھیر دیتا ہے۔ کسی ملک کی سرحدی سیکیورٹی، اس ملک کی اکنامک سکیورٹی اور سٹیبیلیٹی کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے۔

پراپیگینڈا اور جھوٹے دعوے تو بھارتی پاکستانیوں سے کہیں بہتر کر لیتے ہیں لیکن آخر میں تو جھوٹ بے نقاب ہو ہی جاتا ہے۔ جیسے مودی حکومت کا پاکستانی ایف سولہ طیارہ گرانے کا کلیم اور وزیر اعظم عمران خان کا چند مہینوں میں کرپشن کا سدباب کر کے پاکستان کو پہلے سے بہتر اور خوشحال ملک بنانے کا کلیم جھوٹا ثابت ہوا ہے۔ وقت بڑا بی رحم ہے۔ کسی بڑبولے کا زیادہ دیر لحاظ نہیں کرتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).