تازہ ترین: فواد چوہدری اور علی امین گنڈا پور کو بھی وزارت سے فارغ کر دیا گیا


وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت دیگر وزراء سے ان کے قلمدان واپس لے لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، غلام سرور خان سے پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے قومی صحت، طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت واپس لے لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے استعفیٰ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ جلد نئے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرقومی صحت عامر محمود کیانی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات لگا دیا گیا ہے جبکہ مونس الہٰی کو وزارت ہاؤسنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ اسد عمر نے یہ کہہ کر عہدہ چھوڑا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان سے خزانہ کے بجائے توانائی کا قلمدان لینے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن انہوں نے کابینہ کا حصہ بننے سے ہی معذرت کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت ریونیو اور کامرس کے وفاقی وزراء بھی تبدیل ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ کے نام کا بھی اعلان کیا جائے گا، وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی عہدے پربرقرار رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کو وزارت خزانہ کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔ ہمایوں اختر کو کامرس کا مشیر اور اعجاز شاہ کو وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ عمرایوب کے پاس پاور ڈویژن کی وزارت رہے گی۔

Facebook Comments HS