فردوس عاشق اعوان: ہاؤس جاب سے پارلیمینٹ ہاؤس تک


فردوس عاشق اعوان

پی ٹی آئی کی حکومت کا پہلا سال مکمل نہیں ہوا لیکن کابینہ میں ردوبدل کے احکامات آگئے۔ فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات کی ذمہ داریاں لے لی گئیں اور ڈاکٹر فردوس عاشق اب وہاں معاون خصوصی بن چکی ہیں۔

جیسے یہ چہرہ دیکھنے والوں کے لیے نیا نہیں اسی طرح فردوس عاشق اعوان کے لیے یہ ذمہ داری بھی نئی نہیں ہے۔

اگر کسی سیاست دان کے بارے میں بنائے جانے والے کارٹونوں، ٹی وی پر مزاحیہ خاکوں اور مِیمز کو ان کی مقبولیت کا پیمانہ مان لیا جائے تو پاکستان پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کے چند ماہ بعد معاون خصوصی کا عہدہ حاصل کرنے والی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا شمار اس فہرست میں نمایاں ناموں میں شامل ہو گا۔

‘ڈگری ڈگری ہوتی ہے اصلی ہو کہ جعلی’ کے تاریخی جملے سے تعلیم کی اہمیت کو دوام بخشنے والے بلوچستان سے سابق وزیر اعلیٰ نواب اسلم ریئسانی کا نمبر ان کے بہت بعد آتا ہے۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر فردوس اعوان کا کمال یہ ہے کہ انھوں نے یہ مقام بغیر کچھ کہے صرف باڈی لینگوئج کے بل بوتے پر حاصل کیا ہے۔ ایک مقامی ٹی وی چینل پر ڈاکٹر اعوان پر بنائے گئے خاکے اس پروگرام کی کامیابی کا اہم حصہ ہیں۔

اہم بات یہ بھی ہے کہ انھوں نے یہ مقبولیت اپنے ‘بھائی پھیرو’ سیاسی سفر کے ابتدائی دنوں میں حاصل کر لی تھی اور پارٹیاں تبدیل کرنے سے اس میں کوئی کمی نہیں آئی۔ لیکن ڈاکٹر فردوس اعوان کا سیاسی سفر صرف اس کھیل تماشے سے ہی عبارت نہیں ہے بلکہ اس میں متاثر کن کارکردگی اور اہم کامیابیاں بھی شامل ہیں۔

اس سفر کا آغاز 90 کی دہائی کے وسط میں اس وقت ہوا جب وہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال میں ہاؤس جاب کر رہی تھیں۔ اس وقت انھوں نے سوسائٹی فار ہیلتھ اینڈ ڈیوپلپمنٹ ایکس چینیج یا ‘شیڈ’ کی بنیاد رکھی جس کا بنیادی مقصد صحت کے شعبے میں عوامی فلاح کا کام تھا۔

شیڈ کا پہلا دفتر سر گنگا رام ہسپتال کے احاطے کے اندر ہی قائم کیا گیا جہاں سے وہاں آنے والے نادار مریضوں کو مفت دوائیں دی جاتی تھیں اور انھیں علاج معالجے کے دیگر اخراجات میں مدد فراہم کی جاتی تھی۔

بعد میں جب سابق صدر جنرل مشرف کے دور میں بلدیاتی اداروں میں خواتین کے لیے مخصوں نشستین بڑھائی گئیں تو وہ مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر اپنے آبائی ضلع سیالکوٹ سے ڈسٹرکٹ کونسل کی رکن منتخب ہوئیں۔

فردوس عاشق اعوان

بعد میں 2002 کے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی اسمبلیوں میں وہ اسی پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی رکن بنیں اور ایک محکمے کی پارلیمانی سیکریٹری مقرر ہوئیں۔

تاہم حادثاتی طور پر اسمبلیوں اور میدان سیاست کے میدان میں آنے والی درجنوں دیگر خواتین کے برعکس انھوں نے اپنی اس کامیابی پر اکتفا نہیں کیا اور بھارتی سرحد پر واقع سیالکوٹ کے دیہات میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا۔

ڈاکٹر فردوس اعوان کی مشکل یہ تھی کہ اس وقت قومی اسمبلی کے سپیکر چودھری امیر حسین کا تعلق بھی اسی علاقے سے تھا اور وہ بعض مواقع پہ قائم مقام صدر کے طور اسی حلقے میں اپنا دربار لگاتے تھے۔ لیکن وہ کسی رعب و دبدبے میں نہیں آئیں اور بہت دبنگ انداز میں اپنا کام جاری رکھا۔ ایک سیلف میڈ سیاستدان اور خاتون ہونے کے باوجود انھوں نے چودھری امیر حسین کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مشکلات نے باوجود ان کے لیے میدان خالی چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

اپنی عوامی سیاست اور ترقیاتی کاموں کے بل بوتے پر انھوں نے حلقے کے عوام میں تو جگہ بنا لی تھی لیکن چودھری امیر حسین کے مقابلے میں ٹکٹ حاصل کرنا ان کے لیے ممکن نہیں تھا جس کا حل انھوں نے یہ نکالا کہ لندن میں سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ق کی رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری ہوتے ہوئے 2007 کے انتخابات سے پہلے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔

جب 2008 میں الیکشن ہوئے ڈاکٹر فردوس اعوان نے چودھری امیر حسین کو بھاری شکست سے دوچار کیا جو ان انتخابات کا ایک بڑا اپ سیٹ تھا۔ پی پی پی حکومت میں وہ پہلے آبادی کی بہبود کی وزیر رہیں جبکہ بعد میں انھیں وزیر اطلاعات بنا دیا گیا۔

جب 2013 کے انتخابات میں پنجاب میں آنے والا پی پی ہی مخالف سیلاب ڈاکٹر فردوس اعوان کی نشست بھی بہا لے گیا تو اسی وقت یہ دکھائی دینے لگا کہ اس لیڈر کا پارٹی کے ساتھ زیادہ دیر تک چلنا مشکل ہے، باوجود اس کے کہ اگر ان کے پاس کوئی سیاسی ترکہ موجود تھا تو وہ ان کے خاندان کی پی ہی ہی کے ساتھ دیرینا ایسوسی ایشن تھا۔ آُن کے بھائی اعجاز اعوان ان کے سیاست میں آنے سے بہت پہلے دو مرتبہ پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے اور اس کا نعرہ بھی تبدیلی کا نعرہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس اعوان عام انتخابات سے پہلے اس جماعت میں داخل ہوئیں اور اب وفاق میں اس کی کابینہ کا حصہ بن چکی ہیں۔

کل کیا ہو کس کو معلوم ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32189 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp