پنجاب میں بھی سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کے آثار: گورنر چوہدری سرور سرگرم


اطلاعات کے مطابق وفاق میں ہلچل کے بعد پنجاب میں بھی تبدیلی آنے والی ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور کینیڈا کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے۔ گورنر پنجاب وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور موجودہ سیاسی صورتحال پر وزیراعظم سے مشاورت کریں گے اور پنجاب میں سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی ۔

واضح رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کینیڈا کے دورے کے بعد اسلام آباد میں وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران کابینہ میں حالیہ تبدیلیوں سمیت پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور دورہ امریکا اور کینیڈا کے بعد سیدھے اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کی آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمران خان پنجاب کے چھ صوبائی وزراء کی کارکردگی سے مطمئن نہیں جن میں وزارت صحت ، خوراک، جیل خانہ جات، توانائی، لیبر اور ایکسائز شامل ہیں۔ کپتان نے متعدد صوبائی وزراء کی چھٹی اور متعدد کے محکموں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی صوبائی کابینہ میں دوبارہ شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے ممکنہ سیاسی تبدیلیوں کے حوالے سے خاموشی اختیار کی ہے تاہم پنجاب کے وزیراطلاعات صمصام بخاری نے صوبائی کابینہ میں فوری تبدیلیوں کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اپنی ٹیم میں تبدیلی کا حق ہے لیکن فی الحال ایسی کوئی بات زیر غور نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).