قومی اسمبلی میں چاروں صوبوں کی برابر نشستیں ہونی چاہئیں: مصطفیٰ کمال
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں چاروں صوبوں کی برابر نشستیں ہونی چاہئیں تاکہ جو بھی وزیراعظم بنے اُسے تمام صوبوں کی حمایت حاصل ہو۔
کوئٹہ میں انیس قائم خانی اور اشفاق منگی کے ہمراہ سانحہ ہزار گنجی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک دے دیں، ملک میں کوئی ہتھیار نہیں اٹھائےگا، ناراض بلوچوں سے بات کر کے معاملات حل کئے جائیں۔
چیئرمین پاک سر زمین پارٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا اور پی ایس پی کا نظریاتی اختلافات ہیں، میری ایم کیو ایم میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ انہوں نے لسانی بنیادوں پر ووٹ لیا اور اقوام کو آپس میں دست و گریباں کروایا جو مجھے قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کی شہادتوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے حکومت اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔
مصطفیٰ کمال نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ ا سد عمر کی ناکامی پوری کابینہ کی ناکامی ہے۔ عوام نے مہنگائی کا صرف ٹریلر دیکھا ہے۔ اصل مہنگائی تو ائی ایم ایف کے قرضہ پیکیج کے بعد آئے گی۔


