خیبر پختون خوا میں 5 ارب درخت اُگا دیے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان کا ایک ارب درخت اگانے کا خواب چین پہنچتے ہی 5 ارب تک پہنچ گیا۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کا خواب دیکھا تھا۔ گزشتہ 5 برس میں بار بار بلین ٹری پروجیکٹ کا ذکر کیا۔
عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے 9 ماہ بعد اپنے بلین ٹری پروجیکٹ کا ذکر چین میں بھی کیا اور کہا کہ ہماری خیبر پختونخوا کی حکومت نے 5 برس میں 5 ارب تک درختوں کی کامیاب شجرکاری کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت نے ملک گیر سطح پر آئندہ 5 برس کے لئے نیا ہدف مقرر کیا ہے، ہم 10 ارب درخت لگانے جا رہے ہیں۔
یہ بات اب تک واضح نہیں ہو رہی تھی کہ ایک ارب درخت کہاں لگے ہیں؟ چین میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب میں وزیر اعظم نے درختوں کی تعداد 5 ارب بتائی ہے،جس کے بعد سوال پھر وہی ہے کہ یہ درخت لگے کہاں ہیں؟
دوسری طرف بلین ٹری سونامی منصوبے میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے،حکومتی دعویٰ تھا کہ ایک ارب 20 کروڑ پودے لگائے گئے جبکہ اصل تعداد 10 کروڑ بھی نہیں۔
خیبرپختونخوا کی پارلیمانی کمیٹی کے اپوزیشن ارکان نے بنوں میں منصوبے کی 4 سائٹس کا دورہ کیا اور چوری بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی نے کہا کہ محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا نے 2 ہزار پودوں کو 2 لاکھ ظاہر کیا۔


