چائلڈ میرج ممانعت بل: تین وزیر مخالف، ایک وزیر حامی


کم عمر میں شادی کی ممانعت کے بارے میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے بل پر قومی اسمبلی میں حکومتی وزراء آمنے سامنے آگئے۔ سینیٹ نے گزشتہ روز چائلڈ میرج ترمیمی بل منظور کیا جو آج قومی اسمبلی میں منظوری کےلئے بھیجا گیا۔

اقلیتی رکن رمیش کمار کے پیش کردہ بل کی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے مخالفت کی۔

تین وفاقی وزراء کی مخالفت کے باوجود وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری چائلڈ میرج ترمیمی بل کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئیں۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمدخان نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پیغام بھیجا ہے کہ اس معاملے پر مزید قانون سازی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بل اسلام اور سنت سے متصادم ہے،اس کی مخالفت کرتا ہوں چاہے وزارت سے ہاتھ دھونا پڑے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ موجودہ شکل میں بل قبول نہیں،بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا جائے۔

شیریں مزاری نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فرد واحد کو اسلام کے فیصلے کا اختیار نہیں، ایسا ہی فتویٰ جامعۃ الازہر نے دیا کیا وہ خلاف اسلام دیا؟ انہوں نے کہا کہ کم عمر شادی سے متعلق بل کمیٹی کو بھجوایا جائے۔

کم عمری کے خلاف بل کے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکثر ارکان حامی رہے۔ ایوان میں 3 وزرا کی مخالفت کے باوجود بل کثرت رائے سے پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر نے رائے واضح نہ آنے پر کم عمری کی شادی کے بارے میں بل پر ووٹنگ کرا دی۔ بل کے حق میں 72 اور مخالفت میں 50 ارکان نے ووٹ دیا۔ اسپیکر نے رائے شماری کے بعد چائلڈ میرج ترمیمی بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپر د کردیا گیا۔

سینیٹ میں گزشتہ روز یہ بل منظور کیا گیا تھا، وہاں جماعت اسلامی اور جمعیت علما اسلام ف نے اس بل کی مخالفت کی تھی ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).