بنگلہ دیشی کرکٹ شائقین کی شکایت: ’بنگلہ دیش کی جرسی پاکستان کی کیوں لگ رہی ہے؟’


بنگلادیش، پاکستان

بنگلادیش اور پاکستان کی جرسیاں

بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ انھوں نے اس ماہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کی جرسی مداحوں کی شکایات کے بعد تبدیل کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر مداحوں نے کرکٹ بورڈ سے شکایت کی تھی کہ بنگلادیش کی جرسی پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی سے ملتی ہے اور یہ کہ بنگلہ دیش کے جھنڈے کا رنگ ہرا اور لال ہے نہ کہ ہرا اور سفید۔

بنگلہ دیش نے تبدیلی سے پہلے جو جرسی ریلیز کی تھی وہ ہرے اور سفید رنگ کی تھی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس نے کہا کہ جرسی تبدیل کرنے سے پہلے جو ڈیزائن آئی سی سی کو بھیجا گیا تھا وہ لال اور ہرا ہی تھا تاہم آئی سی سی نے انھیں ہدایت کی کہ تشہیری پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ ٹیم کا نام لال سے بدل کر سفید رنگ میں لکھیں۔ اس لیے جرسی کو ہرا اور سفید کردیا گیا۔

جلال یونس نے کہا کہ مداحوں کے اصرار کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے دوبارہ جرسی کے رنگ بدلنے کی درخواست کی جو آئی سی سی نے مظور کر لی۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے کٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جبیر چوھدری نے لکھا کہ ‘یہ پاکستان کی کٹ ہے جس پر بنگلہ دیش لکھا گیا ہے’۔

https://twitter.com/JubairChoudhury/status/1123186689982259201

جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر صابر حوسین چوہدری نے کہا کہ ‘لال اور ہرا ہمارے قومی رنگ ہیں اور یہ ہمیشہ سے ہماری جرسی میں نظر آئے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ اس بار ایسا نہیں ہوا۔’

سراجگنگ سے ایک بنگالی مداح رپن کمار نے لکھا کہ ‘کیا یہ مشرقی پاکستان کی کٹ ہے؟’

https://twitter.com/I_aM_RipoN/status/1123152629368942592

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد کٹ کا رنگ بدل کر ہرا اور لال کر دیا ہے۔

ٹیم بدھ کو انگلینڈ روانہ ہوئی ہے اور ورلڈ کپ میں ان کا پہلا میچ دو جون کو اوول میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔ لیکن اس سے پہلے بنگالی ٹیم پانچ سے 17 مئی کے درمیان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ایک تین روزہ ٹورنامنٹ کھیلے گی۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp