نیوزی لینڈ: وزیراعظم جاسنڈا آرڈرن کی منگنی


جاسنڈا آرڈرن کلارک گیفورڈ
جاسنڈا آرڈرن اور اُن کے پارٹنر کلارک گیفورڈ کی اب منگنی ہوگئی ہے

نیوزی لینڈ میں ترجمان کے مطابق ملک کی وزیر اعظم جاسنڈا آرڈرن کی اپنے طویل مدتی پارٹنر ٹی وی میزبان کلارک گیفورڈ سے منگنی ہوگئی ہے۔

جوڑے کی منگنی کی خبر اُس وقت سامنے آئی جب جاسنڈا آرڈرن جمعے کو ایک تقریب میں ہیرے کی انگوٹھی پہنے نظر آئیں۔ ایک تیز نظر زیر تربیت صحافی کا دھیان اس طرف گیا اور اُس نے وزیر اعظم کے دفتر سے اس بارے میں معلومات کے لیے رابطہ کیا۔ وزیر اعظم کی ترجمان نے بتایا کہ منگنی ایسٹر کے دوران ہوئی۔

پچھلے سال جاسنڈا آرڈرن نے جوڑے کے پہلے بچے کو جنم دیا اور ہونے والی بیٹی کا نام ‘نیو ٹی آروہا’ رکھا۔

جاسنڈا آرڈرن
جاسنڈا آرڈرن نے اپنی بیٹی کو عہدے کے دوران جنم دیا

جنوری میں بی بی سی کے ایک پروگرام میں جاسنڈا آرڈرن سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ اپنے پارٹنر کو شادی کا پیغام دیں گی تو انہوں نے کہا کہ ‘نہیں میں نہیں پوچھوں گی، میں چاہتی ہوں کہ وہ خود اس کرب سے گزریں اور مجھ سے یہ سوال کریں’۔

جاسنڈا آرڈرن خواتین رہنماؤں میں دوسری ایسی سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے اپنے عہدے پر ہوتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔ پاکستان کی دو بار وزیر اعظم رہنے والی بنظیر بھٹو پہلی خاتون رہنما تھیں جنہوں نے عہدے کے دوران بچے کو جنم دیا۔

جاسنڈا آرڈرن نے کہا تھا کہ اُن کے ساتھی کلارک گیفورڈ گھر پر رہ کر بچے کی دیکھ بھال کریں گے۔ ‘ریڈیو این زیڈ’ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں بہت خوش قسمت ہوں’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘میرا ایک ایسا ساتھی ہے جو میرے ساتھ ہوتا ہے اور بچے کی پرورش میں اہم کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ وہ بھی بچے کے والدین میں سے ایک ہے۔۔ وہ بچے کی آیا نہیں’۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاسنڈا آرڈرن اور کلارک گیفورڈ کی ملاقات 2012 میں ایک تقسیم انعامات کی تقریب میں ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32545 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp