نواز شریف اس حال کو پرویز مشرف پر ہاتھ ڈالنے کی وجہ سے پہنچے: حفیظ اللہ نیازی
تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اور راﺅ انوار کو کوئی نہیں پکڑ سکتا۔ پرویز مشرف طاقتور تھا۔ نواز شریف نے اس کو ہاتھ لگانے کی کوشش کی تھی لیکن ان کا وہ حشر ہوا کہ اب تک اس کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف ہی مسلم لیگ ن کے قائد رہیں گے۔ وہ کہیں بھی ہوں، عملی قیادت ان کے پاس ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عدالت نے اس سے قبل ریکوڈک اور رینٹل پاور ہاﺅس پر فیصلے دیئے جس کا خمیازہ ہم اربوں ڈالر نقصان کی صورت میں بھگت چکے ہیں، نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی منسوخی کے فیصلے میں مجھے چیف جسٹس کے ریمارکس عجیب لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور راﺅ انوار کو کوئی نہیں پکڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کوہاتھ نہ لگایا ہوتا تو نواز شریف کا یہ حشر نہ ہوتا۔ ہمارے ججز کو عقل ہے اور فہم وفراست موجود ہے۔ ان کو پتہ ہے کس طرح انصاف بانٹنا ہے اور وہ انصاف بانٹ رہے ہیں۔


