مصر میں آئی ایم ایف کے اہل کار کو سٹیٹ بینک کا گورنر بنائے جانے کی اطلاعات
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی جانب سے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر سٹیٹ بینک بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رضا باقر اس وقت انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے لئے مصر میں کام کر رہے ہیں جبکہ وہ اس سے پہلے آئی ایم ایف کے رومانیہ میں کنٹری ہیڈ تھے۔ ڈاکٹر رضا باقر نے کیلیفورنیا سے ڈاکٹریت کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر محمد جہانزیب خان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ موجودہ اقتصادی صورتحال کومد نظر رکھتے ہوئے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سٹیٹ بینک سے استعفیٰ طلب کیا تھا جس پر گورنر سٹیٹ بینک نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
معروف اینکر طلعت حسین نے کہا ہے کہ طارق باجوہ کے’زبردستی استعفے’ کے بعد رضا باقرکو سٹیٹ بینک کا نیا گورنر بنانے کی اطلاعات ہیں۔ رضاباقر مصر میں آئی ایم ایف کے نمائندے ہیں۔ آئی ایم ایف کیلئے رومانیہ مشن چیف اور قرض پالیسی شعبے کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ ان کے اور حفیظ شیخ کے ملاپ سے پاکستان پر آئی ایم ایف کا قبضہ مکمل ہو گیا۔ یہ ہے نیا پاکستان اور یہ ہے مثبت سمت



