فوج ملک کو اکٹھا نہیں رکھ سکتی، ہم نے بھارت کو مشرقی پاکستان توڑنے کا موقع دیا: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشرقی پاکستان ہم سے اس لیے علیحدہ ہوا کیونکہ پاکستان کا نظریہ پیچھے چلا گیا تھا تو مشرقی پاکستان کے لوگوں نے کہا کہ ہم کیوں پاکستان کا حصہ بن کر رہیں۔ کسی قوم کا جب نظریہ ختم ہو جاتا ہے تو قوم بھی ختم ہو جاتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فوج ملک کو اکٹھا نہیں رکھ سکتی، ملک کو عوام اکٹھا رکھتے ہیں۔ عوام ریاست کا حصہ بننا چاہتے ہیں ہے کیونکہ ریاست عوام کی ضروریات پوری کرتی ہے اور انصاف فراہم کرتی ہے۔ مشرقی پاکستان کے لوگوں کو انصاف نہیں ملا تو ان میں احساس محرومی آ گیا۔ مشرقی پاکستان کے لوگوں کو لگا کہ مغربی پاکستان سے انہیں طاقت منتقل نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ مشرقی پاکستان بھارت نے توڑا، غلطی ہماری تھی، ہم نے اپنے لوگوں کو انصاف نہیں دیا، بھارت نے تو کوشش کرنی تھی، جب ہم نے موقع دیا تو انہوں نے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج بھی لوگوں کو انصاف فراہم نہ کیا تو مشکل پیدا ہو سکتی ہے، فاٹا میں لوگوں کے برے حالات ہیں، ان کی مدد کرنی چاہیے، بلوچستان میں لوگ پیچھے رہ گئے ہیں۔

