لندن میں مقابلے کے دوران سلور کنگ ہلاک


سیزر بیرن

سیزر بیرن جنہیں سلور کنگ کے نام سے جانا جاتا ہے لندن میں ایک مقابلے میں حصہ لے رہے تھے جب گر کر ہلاک ہوئے

لندن میں ایک پروفیشنل ریسلر اور اداکار سلور کنگ مقابلے کے دوران گرے اور ہلاک ہوگئے۔

سیزر بیرن جنہیں سلور کنگ کے نام سے پہچانا جاتا تھا اپنے ملک میکسیکو میں بہت مقبول تھے اور 2005 میں بننے والی فلم ناچو لیبرے میں ہالی ووڈ کے اداکار جیک بلیک کے ہمراہ نظر آئے۔

اکیاون سالہ سیزر بیرن لندن کے علاقے کیمڈن میں راؤنڈہاؤز میں اپنے گُر دکھا رہے تھے جب وہ رنگ میں گرے۔

میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ایک اور ریسلر نے ‘اپنے زبردست حریف’ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ ویسے ہی گئے جیسے جانا چاہتے تھے: لڑتے ہوئے’

بیرن سنیچر کے روز لوچا لیبرے نامی مقابلے کے دوران گرے۔ میکسیکو میں میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں شاید دل کا دورہ پڑا۔

روبرٹو کریرا مالڈوناڈو جو مقابلہ دیکھنے کے لیے آئے ہوئے تھے کہتے ہیں کہ پہلے ایسا لگا کہ شاید اُن کا گرنا شو کا حصہ تھا۔ اُنہوں نے بی بی سی کو مزید بتایا کہ ‘ایسا لگا کہ جیسا یہ بھی مقابلے کا حصہ ہے’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘ایسا لڑائی میں بہت عام ہوتا ہے’

مگر ریفری کی جانب سے اُن کو طبی امداد دینے کی کوششوں کے باوجود ریسلر گرنے کے بعد اُٹھے نہیں ۔ انٹرنیٹ پر ڈالی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریفری کے علاوہ دیگر مرد ان کے گر جانے کے بعد ان کی مدد کو آئے۔

عینی شاہد روبرٹو کریرا نے یہ بھی بتایا کہ ‘ہم سب سکتے میں تھے۔ یہ واضح نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔۔ مجھے ایسا لگا کہ جیسے کسی کو نہیں پتا تھا کہ کیا کرے۔’

روبرٹو کریرا کے مطابق ایک اور ریسلر سیزر بیرن کے سینے پر دباؤ ڈال رہے تھے اور اُن کے گرنے کے بہت دیر بعد طبی امداد دینے والے کارکن پہنچے۔

پہلے شو کو روک دیا گیا اور پھر لاؤڈ سپیکر پر اعلان ہوا کہ شائقین چلے جائیں۔

سیزر بیرن

سیزر بیرن 2005 میں فلم ناچو لیبرے میں ماسک کے بغیر نظر آئے

لوچا لیبرے نامی مقابلوں میں ریسلر چہرے پر ماسک پہن کر مقابلہ کرتے ہیں اور لوچا ڈورز یا اس مقابلے میں حصہ لینے والے افراد کرتب اور پہلے سے طے کیے گئے وار کرتے ہیں۔ سیزر بیرن میکسیکو میں ریسلرز کے سائے میں پلے بڑھے ان کے والد خود بھی ایک مشہور ریسلر تھے۔

سیزر بیرن کی وفات پر دنیائے ریسلنگ سے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا۔ ورلڈ چیمپین شپ ریسلنگ کے صدر نے کہا کہ انہوں نے لوچا لیبرے کو امریکن عوام میں مقبول بنایا ان کی یاد ہمیشہ آتی رہے گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp