سوتیلے باپ پر نشہ آور ادویات کھلا کر تین برس تک بیٹی کی آبروریزی کا الزام، مقدمہ درج


بھارت کے شہر میرٹھ میں ایک مرتبہ پھر ایک سوتیلے باپ پر اپنی ہی بیٹی کی آبروریزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جمعہ کو پولیس میں شکایت کرتے ہوئے متاثرہ بیٹی کی ماں نے الزام لگایا کہ اس کا شوہر تین سال سے نشہ آور ادویات دے کر سوتیلی بیٹی کی آبروریزی کر رہا ہے۔ خاتون نے کہا کہ اس کا شوہر پہلے بھی اس طرح کے معاملات میں جیل جا چکا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ایک خاتون نے ایس ایس سی دفتر میں پہنچ کر ایس پی کرائم کو بتایا کہ اس کی پہلے شوہر سے طلاق ہو گئی تھی اور اس کے پہلے شوہر سے ایک بیٹی ہے جو اسی کے ساتھ رہ رہی ہے۔ بعد ازاں اس خاتوں نے 2002 میں باغپت کے رہنے والے ایک شخص سے دوسری شادی کی تھی اور اب میرٹھ میں رہتی ہے۔ خاتون نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر نشے کی گولیاں دے کر اس کی بیٹی کی زبردستی آبروریزی کرتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ نشہ آور اشیا کی سپلائی کے الزام مین اس کا شوہر پہلے بھی جیل بھی جا چکا ہے ۔

خاتون نے کہا کہ اس کا شوہر پولیس میں شکایت کرنے پر کئی مرتبہ بیٹی اور اس کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروایا جائے گا اور رپورٹ آنے کے بعد ہی ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).