تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر مجھے یہ ذمہ داری سونپی ہے: مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نااہل حکومت کے باعث ملک کی کشتی غرق ہونے کے قریب آگئی ہے۔ عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ غرقاب ہونے کے قریب کشتی کو کیسے بچا کر ساحل تک پہنچانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے دی جانے والی افطار پارٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں ملک کی صورتحال پر گفتگو کا موقع ملا۔ پاکستان کے تمام زعما نے اس وقت ملک کو در پیش چیلنجز پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم عالمی دنیا میں ہم کمزور ترین ملک کے طور پر متعارف ہو رہے ہیں۔ کچھ نااہل لوگوں کے اقتدار میں آنے کے نتیجے میں ایسا ہوا اور چند مہینوں کے اندر ملک ایسے گہرے سمندرمیں جا پڑا ہے کہ اب اس کشتی کو سنبھالنے کیلئے تمام سیاسی زعما کا اکٹھا ہونا ضروری ہو گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد تمام سیاسی جماعتیں میدان میں آنے کیلئے پرعزم نظر آرہی ہیں۔ ایسے میں ایک مشترکہ حکمت عملی بنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس ہوگی۔ تمام دوستوں نے اتفاق سے مجھے یہ ذمہ داری دی ہے کہ اے پی سی کی تاریخ کا فیصلہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی افطار پارٹی میں مستقبل کے لئے خاکے کا تعین کر لیا ہے۔ اب ہم اس قابل ہوں گے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ایک ہی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں آئیں۔


