داتا دربار دھماکے کے خودکش حملہ آور کی شناخت ہو گئی


لاہور میں داتا دربار کے قریب ہونے والے خود کش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ سے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دوسری طرف خود کش حملہ آور کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق سہولت کار کا نام محسن خان ہے جبکہ خود کش حملہ آور کا نام صادق اللہ ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن خان شب قدر چارسدہ کا رہائشی ہے، جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کی شناخت صادق اللہ مہمند کے نام سے ہوئی جو افغانستان کا رہائشی تھا۔

خود کش حملہ آور صادق اللہ افغان پاسپورٹ پر 6 مئی کو طورخم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوا، خود کش حملہ آور کو طیب اللہ نامی شخص نے طورخم بارڈر سے لیا۔

ذرائع سی ٹی ڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیب اللہ خود کش حملہ آور صادق اللہ کو لے کر لاہور پہنچا، دونوں نے 7 مئی کو سہولت کار محسن اور نور زیب کے گھر قیام کیا۔

واضح رہے کہ لاہور میں داتا دربار کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).