بھارتی انتخابی نتائج: بی جے پی کو بھاری اکثریت سے برتری حاصل، کانگریس کی قیادت سکتے میں


بھارت میں عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی نتائج میں بی جے پی کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر رہا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہوتے ہی بھارتی الیکشن کمیشن نتائج کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 246 نشستوں کی ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 164 نشستوں سے آگے ہے۔ کانگریس کا اتحاد یونائٹڈ پروگریسیو الائنس 51 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ انتخابات میں دیگر جماعتوں کو اب تک 32 نشستیں ملی ہیں۔

بھارتی عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی کو واراناسی کی نشست پر برتری حاصل ہے جبکہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی امیٹھی کی نشست پر بی جے پی کی رہنما سمرتی ایرانی سے پیچھے ہیں، تاہم کیرالہ کی نشست سے انہیں برتری حاصل ہے۔

گاندھی نگر کی نشست پر بی جے پی کے سربراہ امیت شاہ اور لکھنو سے راج ناتھ سنگھ کو برتری حاصل ہے جبکہ بھارتی پنجاب کی نشست گرداس پور سے بی جے پی کے امیدوار بالی ووڈ اداکار سنی دیول ووٹوں میں آگے ہیں ۔

اتر پردیش کی رائے بریلی کی سیٹ سے کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور کیرالہ کی نشست پر کانگریس رہنما ششی تھرور ووٹوں میں آگے ہیں۔

کانگریس کی قیادت ان نتائج کی توقع نہیں کر رہی تھی اور سکتے میں دکھائی دے رہی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آج شام ایک پریس کانفرنس میں کانگریس اپنی شکست تسلیم کر لے گی۔ دہلی میں راہل گاندھی کے دفتر پر تالا لگا ہے جب کہ ملک بھر میں بی جے پی کے حامی جشن منا رہے ہیں۔ نریندر مودی کی کامیابی کی خبر پھیلتے ہی بھارت میں اسٹاک ایکسچینج تاریخ کے بلند ترین مقام پر پہنچ گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).