نیب کی نجی ٹی وی پر چیرمین نیب سے متعلق خبر کی تردید


قومی احتساب بیورو (نیب ) نے نجی ٹی وی پر چیرمین نیب سے متعلق نشر ہونے والی خبر کی تردید کر دی۔ نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ نجی چینل کی خبر حقائق کے منافی، من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے۔

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد نیب اور چیرمین نیب کی ساکھ مجروح کرنا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے دباؤ کے باجود اس بلیک میلر گروہ کے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے، ان افراد کے خلاف ریفرنس کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مقامی چینل نیوز ون نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے متعلق ایک سکینڈل کا انکشاف کرنے کا دعوی کیا تھا اور ثبوت کے طور پر آڈیو اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا  کہ چیئرمین نیب کسی خاتون کو اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ہراساں کرتے رہے۔ نشر کی گئی مبینہ ویڈیو اور آڈیو میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خاتون کے ساتھ گلے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور اسی طرح آڈیو ٹیپ میں خاتون سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اقبال کو نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے سنا جا سکتا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).