ورلڈ کپ کا افتتاح: ملالہ یوسفزئی کی شرکت اور سرفراز کی شلوار قمیض
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا آغاز تو جمعرات سے انگلینڈ میں ہو رہا ہے لیکن اس کی افتتاحی تقریب بدھ کی شام لندن میں بکنگھم پیلس کے سامنے واقع سڑک پر منعقد ہوئی۔
افتتاحی تقریب کو ‘اوپننگ پارٹی’ کا نام دیا گیا تھا۔ اس تقریب میں چار ہزار افراد نے شرکت کی جن کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا تھا۔

تقریب میں ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی لائی گئی اور 2015 کے ورلڈکپ کے فاتح کپتان مائیکل کلارک ٹرافی کے ہمراہ آئے۔ اوپننگ پارٹی میں اس عالمی ایونٹ میں شریک دس ممالک کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں، نامور شخصیات اور فنکاروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
پاکستان کی جانب سے نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن اور طالبہ ملالہ یوسفزئی اور حال ہی میں سمرسٹ کو کاؤنٹی چیمپئن شپ جتوانے والے بلے باز اظہر علی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کے موقع پر بکنگھم پیلس کے باہر پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنی ٹیم کو کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود تھی۔ چاچا کرکٹ بھی افتتاحی تقریب میں توجہ کا مرکز رہے۔ تقریب کا آغاز اس مقابلے میں شریک ٹیموں کے کپتانوں کی آمد سے ہوا۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد قومی لباس پہن کر تقریب میں شریک ہوئے۔
قریب کی خاص بات 60 سیکنڈز کرکٹ چیلنج بھی تھا جس میں انگلینڈ کی ٹیم فاتح رہی۔ انگلینڈ کی جانب سے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔انڈین ٹیم سابق کرکٹر اور کوچ انیل کمبلے اور اداکار فرحان اختر پر مشتمل تھی جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے بریٹ لی اور پیٹ کیش میدان میں اترے۔




