جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے پر نوازشریف نے پارٹی کو ہدایات جاری کر دیں
نوازشریف نے مسلم لیگ (نواز) کے رہنماﺅں کو ہدایت جاری کی ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے معاملے پر بھرپور آواز بلند کی جائے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں مریم نواز سمیت دیگر پارٹی عہدیداروں نے آج ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مختلف ایشوز پر بریفنگ بھی دی گئی جبکہ مختلف اہم امور پر صلاح مشورے بھی کیے گئے۔
اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک میں ن لیگ نے بھر پور کردار ادا کیا تھا۔ ن لیگ نے تمام سختیوں کے باوجودعدلیہ کااحترام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کواعتماد میں لے کر پارلیمنٹ میں آوازاٹھائی جائے۔ سابق وزیراعظم نے پارٹی عہدیداروں سے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پارٹی بھرپور موقف دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو اب بھی لیگی کارکن پیچھے نہیں رہیں گے۔ میں عدلیہ کےساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آج بھی کھڑا ہوں۔ ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ اگر میں قوم کا کفارہ ادا کر رہا ہوں تو پارٹی ایم پی اے اور ایم این اے کو کیا مسئلہ ہے کہ وہ ایسا نہیں کر سکتے؟


