فاروق ستار کی دھڑام سے اچھی امیدیں


\"wisi-baba\"

اک چرسی چھت پر بیٹھا دھوئیں چھوڑ رہا تھا۔ بادل کراس کر کے تاروں کے پاس پرواز کر رہا تھا۔ اس نے اگلا سوٹا لگایا، مست ہوا، ایک تارا پکڑنے کی کوشش کی۔ سیدھا زمین پر آ گرا۔ وہ بھی دھوم دھام والی ایک دھڑام کے ساتھ ۔ دھڑام سن کر لوگ بھاگ کر اس کے پاس گئے۔ اس سے پوچھا کہ کیا ہوا بھائی ۔ چرسی خود کو سمیٹ کر کسی نہ کسی طرح اٹھا اور بولا کہ سہ خبر ایم اس رالم یعنی مجھے کیا پتہ میں تو ابھی پہنچا ہوں۔

قصہ سن کر آپ کو فاروق ستار یاد آئے ،سب کا دھیان انہی کی جانب گیا ہو گا۔ انہیں نہ چھیڑیں ان کے حال پر یا میڈیا پر چھوڑ دیں۔ میڈیا سے یاد آیا کہ ایک دوست ہیں وہ ایک بڑے میڈیا گروپ میں بڑے پھنے خان افسر ہیں۔ اپنے سیٹھ سے ہمارے ان دوست کی خوب گاڑھی چھنتی ہے۔ سارا دن ان سے باتیں کرتے رہتے ہیں۔ ان سے پوچھا کہ مالک سے بات ہوتی ہے تو بولے جی سارا دن۔ پوچھا کیا بات ہوتی ہے۔ زرا سا ٹھہر کر بولے وہ گالیاں دیتے رہتے ہیں، میں سنتا رہتا ہوں۔ اے کاش کے یہ سیٹھ صاحب اپنے اینکروں کو بھی ہدایت دینے کو فون کیا کریں۔

آپ لوگوں کا دھیان پھر فاروق ستار کی جانب تو نہیں گیا میڈیا کے مالک اور افسر کی مسلسل ٹیلی فونک بات چیت سے؟ نہ کریں، اتنا کٹھور دل نہیں ہونا چاہئے۔ اب اتنے بھی ستم ظریف نہ بنیں۔ متحدہ والے اچھے ہیں یا برے ہمارے اپنے ہیں۔ انہیں اپنوں کی طرح ہی ٹریٹ کریں۔

یہ سیاست ہی ہے جو ہمیں سکھاتی ہے کہ اچھوں کے ساتھے بھی اور بروں کے ساتھ بھی کیسے ایک سا سلوک کرنا ہے۔ سب کو ساتھ لیکر کیسے چلنا ہے۔

الطاف حسین کو بہت سے تنازعات کے حوالے سے ڈسکس کیا جا سکتا ہے۔ چلیں ان کی ایک اچھائی ہی یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے مڈل اور لوئیر مڈل کلاس کو منتخب ایوانوں میں پہنچایا۔ ایک منظم تنظیم سامنے لائے جس نے بار بار میدان میں ثابت کیا کہ تنظیم اچھی ہو تو بڑے بڑے وسائل اور ریاستی طاقت بھی لوگوں کا مینڈیٹ بدل نہیں سکتی ہے۔

فاروق ستار ایک سیاسی کارکن ہیں۔ انہیں اگر موقع دیا گیا، ہم سب نے سپورٹ فراہم کی تو وہ موجودہ صورتحال سے اپنی پارٹی کو نکال لیں گے۔ متحدہ اگر اس صورتحال سے نکل آئی تو ہمیں ایک بہت بہتر اور ایکٹو سیاسی جماعت مل جائے گی جو اگر سارے پاکستان میں نہ بھی سرگرم ہو سکی تو اپنے حلقہ اثر میں تو موثر ثابت ہو گی ہی۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments