ججز ریفرنس پر سیاست نہ کی جائے، ہم نے پورا گلا سڑا نظام بدلنا ہے: فردوس عاشق اعوان
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ججز کے خلاف ریفرنس کو سیاست زدہ نہ کیا جائے۔ نئے پاکستان میں سب کا یکساں احتساب ہو گا۔ ہم نے اس گلے سڑے نظام کو بدلنا ہے۔
نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے عدلیہ کی آزادی کے لئے خود جدوجہد کی اور اس کے لئے پابند سلاسل بھی رہے۔ حکومت عدلیہ کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی اور نہ عدلیہ کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے کسی ایک جج صاحب کے خلاف کوئی مخصوص ایکشن لیا ہے، یہ محض جھوٹا پروپیگنڈا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنس جوڈیشل کونسل کے پاس جا رہا ہے تو کیا جوڈیشل کونسل کوئی حکومت کا ذیلی ادارہ ہے؟ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ جج کے خلاف ریفرنس کی خبر کیسے لیک ہونے کی تحقیقات ہونی چاہئے اور ہوں گی۔ یہ معاملہ میڈیا پر ڈسکس نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں ، ہم اس سوچ کے ساتھ کھڑے ہیں کہ کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔ نئے پاکستان میں احتساب سب کا یکسا ں ہو گا۔ فوج نے بھی اپنے افراد کو نشان عبرت بنا کر مثال قائم کی ہے، اب عدلیہ کے پراسس کو بھی متنازعہ نہ بنایا جائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اس آئینی اور قانونی مسئلے کو سیاست زدہ کررہی ہے۔ عدلیہ سے متعلق پروپیگنڈے کی میں سختی سے تردید کرتی ہوں۔


