ہمارے فیصلوں میں سیاسی کمزوریاں ہیں: فواد چوہدری کا اعتراف
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کے فیصلوں میں بڑی سیاسی کمزوریاں ہیں۔ ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے اپنی حکومت کے حوالے سے کئی اعترافات کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے ہوجاتے ہیں اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میری سابقہ وزارت میں غیر منتخب افراد نے مداخلت کی۔ ایک وقت میں 5 لوگ کام کریں تو وہی ہو گا جو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتیں غیر منتخب لوگوں کی وجہ سے تبدیل ہوئیں، غیر منتخب افراد پر کافی اعتراضات ہیں۔ فواد چوہدری نے استفسار کیا کہ کیا پارٹی ان لوگوں کے حوالے کر دیں جو کونسلر بھی نہیں رہے؟ فیصلے منتخب لوگ کرتے ہیں، غیر منتخب نہیں۔ فیصلے منتخب افراد کو کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان غیر منتخب اور منتخب لوگوں کی سرد جنگ ہے۔
میں نے کہا شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین نہ بنائیں، انہیں بنا دیا گیا۔ کسی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر نہیں ڈالا اور وہ باہر چلے گئے، ان ساری چیزوں کا ہم پر اثر ہوتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی تو آپ کی سیاست بالکل ٹھپ ہوجائے گی۔


