فواد چوہدری نے عسکری و سویلین قیادت کے تعلقات کی اندرونی کہانی بے نقاب کر دی
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے پاکستان کی عسکری اور سویلین قیادت کے تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بہترین تعلقات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔
نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چودھری نے کہا کہ ’آپ نے انٹرنیشنل میڈیا منیجمنٹ فوج پر چھوڑ دی، عالمی سطح پر فوج کو سامنے رکھیں گے تو اس کا اثر کچھ اور ہو گا۔ عالمی امیج آئی ایس پی آر نے نہیں، ہمیں بنانا ہے مگر ہمارا کوئی ونگ ہی نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات بہترین ہیں کیونکہ اس وقت فوج میں کوئی اقتدار کی بھوک (Appetite) نہیں۔
فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ فوج بلاشبہ پاکستان کا سب سے طاقتور ادارہ ہے۔ اسے سول اداروں کو طاقتور بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ فوج اگر فیصلہ کر لے کہ ایسا نہیں کرنا تو کوئی ادارہ طاقتور نہیں ہو سکتا۔ وہ پاکستان کی وزارت اطلاعات سے بھی بہتر ہیں لیکن یہ کام سویلین حکومت کو کرنا چاہیے۔ عالمی سطح پر فوج کی بجائے سویلین چہرے سے بہتر تاثر جاتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ سویلین اداروں کے پاس وہ سہولیات نہیں یا سویلین لوگ ایسا کرنے کے اہل نہیں۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پہلی مرتبہ وزارت اطلاعات کو وزارت خارجہ کے ساتھ منسلک کیا گیا۔ چنانچہ پلوامہ سے لے کر عرب دنیا سے تعلقات تک سب پیش رفت دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کا حل طاقت نہیں، اس کا سیاسی حل ہونا چاہیے۔


