کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ اپنے بل پر انتخاب جیتا ہے: فردوس عاشق کی فواد چودھری پر تنقید
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فواد چودھری ہو یا کوئی اور، سب عمران خان کی ٹیم ہیں۔عمران خان ٹیم کے کپتان ہیں۔ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کہ وہ انتخاب جیتا ہے تو اپنے بل پر جیتا ہے۔ پاکستان کے عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کر تے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف لوگوں کی مختلف آراء ہوتی ہیں اور ہر شخض پارٹی کے اندر اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر منتخب لوگوں کے بارے میں ایسی باتیں کرنا ایک غلط سوچ ہے اور یہ اپنا اپنا نقطہ نظر ہے۔ وہ لوگ جو 22 سال عمران خان کے ساتھ جدوجہد کرتے رہے اور اب جب پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو کیا ان کو نظر انداز کردیا جائے؟
انہوں نے کہا کہ عوام کو سب سے پہلے عمران خان جوابدہ ہیں اورتحریک انصاف ہے جس کے نشان پر منتخب نمائندوں نے الیکشن لڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص کبھی بھی کسی ادارے کو ون مین شو سے نہیں چلا سکتا۔ کوئی بھی عقل کل نہیں ہوتا۔ اگر کوئی غلطیوں کی نشاندہی کر کے بہتر مشورہ دے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ آپ کے کام میں مداخلت کر رہا ہے، یہ چھوٹی ذہنیت کی باتیں ہیں۔


