شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی کرنے والا افسر متروکہ وقف املاک بورڈ کا چیئرمین بن گیا: احمد نورانی کا انکشاف
سینئر صحافی احمد نورانی کا کہنا ہے کہ زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو نیکٹا میں تعینات کرنے والے بیوروکریٹ کو متروکہ وقف املاک بورڈ کا چیئرمین لگا دیا گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر احمد نورانی نے کہا کہ جب آپ بیوروکریٹس کو غیر قانونی کام کرنے کا کہتے ہیں تو جواب میں آپ کو بھی انہیں نوازنا پڑتا ہے ۔ جو خط زرتاج گل وزیر نے واپس لیا ہے اس پر عملدرآمد کی ذمہ داری سیکرٹری داخلہ میجر اعظم نے سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر عامر احمد کو سونپی تھی۔
ڈاکٹر عامر احمد رواں سال 9 مارچ کو ریٹائر ہوئے ہیں لیکن انہوں نے 4 مارچ کو اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے یہ ٹاسک پورا کردیا۔
سینئر صحافی کے بقول ڈاکٹر عامر احمد جیسے ہی ریٹائر ہوئے تو انہیں فوری طور پر وزیر اعظم کی انسپکشن ٹیم کا رکن مقرر کردیا گیا ۔ مذکورہ بیورو کریٹ کو اپنے کیریئر کے دوران 2 بار سپر سیڈ کیا گیا یعنی انہیں ترقی کا اہل نہیں سمجھا گیا تھا۔ تاہم وزیر اعظم کی انسپکشن ٹیم کا رکن مقرر ہونے کے کچھ ہی روز بعد انہیں متروکہ املاک وقف بورڈ کا چیئرمین تعینات کردیا گیا۔
احمد نورانی نے بتایا کہ ڈاکٹر عامر احمد کی بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ تعیناتی کا کیس پی ٹی آئی حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھگت رہی ہے۔




