معاون خصوصی نعیم الحق کے بھتیجے کو نادرا کراچی ریجن کا ڈائریکٹر لگا دیا گیا: نعیم الحق کا اظہار لاتعلقی


وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے بھتیجے شیراز الحق کو نادرا کراچی ریجن کا ڈائریکٹر لگا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شیرازالحق کو 2 ماہ قبل نادرا میں مینجمنٹ ایسوسی ایٹ کے طور پر اسلام آباد ہیڈ کواٹرز میں زمینوں کے پراجیکٹ پر مقررکیا گیا تھا جبکہ مینجمنٹ ایسوسی ایٹ کے جاری کردہ اشتہار میں 3 سال کا لازمی تجربہ مانگا گیا تھا۔ بعدازاں انتہائی حیرت انگیز طور پر ہیڈکواٹرز کے پراجیکٹ سے تبادلہ کر کے شیراز الحق کو گریڈ انیس میں کراچی ریجنل ہیڈکواٹرز کا ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا۔

شیراز الحق صرف دو ماہ میں 18 گریڈ سے 19 گریڈ میں ترقی کرلی۔ تعیناتی اور ترقی کے ان تمام مراحل کے دوران وضع کردہ ضابطوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ نادرا میں پہلی بار صرف دو ماہ میں کسی افسر کی گریڈ اٹھارہ سے گریڈ انیس میں ترقی دی گئی۔ یہ عہدہ بھاری تنخواہ کے علاوی سیاسی رسوخ کے لئے بھی جانا جاتا ہے

شیراز الحق کو نادرا کراچی ریجن کا ڈائریکٹر لگانے کا نوٹیفیکیشن پندرہ مئی کو جاری کیا گیا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے نادرا حکام کی ملاقات چودہ مئی کو ہوئی تھی۔ ملاقات میں نعیم الحق بھی موجود تھے۔

دوسری طرف نعیم الحق نے اپنے بھتیجے شیراز الحق کے حوالے سے اقربا پروری کی خبروں کی تردید کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیراز الحق میرا بھتیجا ضرور ہے لیکن اس کے تبادلے کا نہ انہیں علم ہے اور نہ ہی ان کا کوئی تعلق ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ نادرا کراچی میں غیر قانونی شناختی کارڈ بنا کر بیچنے اور پیسے بنانے والے ایک گروہ نے ان کے خلاف مہم چلائی ہوئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).