وزیراعظم عمران خان نے وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کو جھاڑ پلا دی


وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کے بعد وزیراعظم نے وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کو بھی سخت سرزنش کی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی سعودی عرب سفیر کو خط لکھا تھا اور اسے بھی عمران خان کی جانب سے واپس لینے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔

صحافی زاہد گشکوری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”زرتاج گل کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو بھی اپنا خط واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے جو کہ انہوں نے پاکستان میں سعودی سفیر کو لکھا تھا جس میں علی محمد خان نے اپنے حلقے میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں کیلئے سعودی عرب سے مالی امداد کی درخواست کی تھی ۔“

یاد رہے کہ علی محمد خان نے سعودی سفیر سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے اپنے حلقے کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سعودی عرب سے مالی امداد کیلئے درخواست کی اور خط بھی حوالے کیا تھا ۔خط میں 13 چیزوں کیلئے سعودی عرب سے مدد مانگی گئی ہے جس میں سب سے پہلے نمبر پر این اے 22 کے لئے مدینہ یونیورسٹی کی طرز کی انٹرنیشنل اسلامک وویمن یونیورسٹی ہے، دوسرے نمبر پر بین الاقوامی سطح کے تین سو بیڈز پر مشتمل ہسپتال مانگا تھا۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے کو سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کیلئے ایک بلین روپے کی گرانٹ ، سعودی عرب کی مدینہ یونیورسٹی سمیت دیگر اعلی تعلیمی اداروں میں پاکستانی مدرسوں سے گریجوایٹ ہونے والے نوجوانوں کیلئے سکالر شپ بھی فراہم کی جائے۔

علی محمد خان نے خط میں اپنے حلقے کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ میرے حلقے کے ہنر مند افراد کیلئے 100 ویزے جاری کیے جائیں، 30 ایمبولینس اور تین چھوٹے ہسپتال ، 3 ہزار نلکے ، تین سو مساجد کی تعمیر، 22 یونین کونسلوں میں 30 جنازہ گاہ، تین ہزار فوڈ پیکجز، تین ہزار وہییل چیئرز، ایک ہزار بچوں کیلئے یتیم خانہ اور تن ہزار سولر انرجی پینلز کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).