فواد چوہدری اور پیپلز پارٹی مین گٹھ جوڑ ہے، ان کے ذمے پی ٹی آئی کو سبوتاژ کرنا ہے: سمیع ابراہیم کا دعویٰ


اینکر پرسن سمیع ابراہیم نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے اور افواج پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے سازش ہورہی ہے جس کا فائنل چیپٹر عید کے بعد کھلے گا، فواد چوہدری تحریک انصاف کے لوگوں کو لیڈ کریں گے ، وہ پی پی کے ساتھ رابطے میں ہیں، ان کے ذمے تحریک انصاف کے اندر واردات ڈالنا ہے۔

یوٹیوب پر جاری کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں اینکر پرسن سمیع ابراہیم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔  اس سازش میں انڈیا، امریکہ، سیاستدان اور تحریک انصاف کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں۔ عید کے بعد اس سازش کا حتمی منظر کھلے گا جس کا مقصد عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانا اور پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا ہو گا۔ اس سے پاکستان کے لوگوں کا افواج پاکستان پر یقین متزلزل ہوجائے گا۔ اس کے لئے ججز کے خلاف ریفرنسز کو بنیاد بنا کر اسی طرز کی تحریک چلائی جائے گی جس طرح مشرف کے خلاف وکلا تحریک چلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اندر موجود طاقتیں پوری طرح پاک فوج کے خلاف سرگرم ہو گئی ہیں۔ عید کے بعد ججز کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جائے گا اور اس تحریک کا اختتام عمران خان کو ہٹانے پر ہو گا۔ تحریک انصاف کے اندر موجود گروپ کو فواد چوہدری لیڈ کریں گے۔ اس وقت فواد چوہدری کا پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطہ ہے۔ پہلے بھی وہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننا چاہتے تھے اور انہوں نے لابی بنانے کی کوشش بھی کی۔ وہ اپنے آپ کو ایسے لیڈر کے طور پر پیش کر رہے ہیں جو کہہ رہا ہے کہ سویلین اداروں کو لیڈ کرنا چاہیے اور پی ٹی ایم کے معاملے کو مذاکرات سے حل کرنا چاہیے۔

سمیع ابراہیم نے دعویٰ کیا کہ جب ججز کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جائے گا تو پی ٹی ایم بھی سامنے آئے گی، فواد چوہدری کے ذمے یہ کام ہے کہ وہ تحریک انصاف کو اندر سے نقصان پہنچائیں۔ اس وقت لوگوں سے یہ کہا جائے گا کہ عمران خان سے معاملات سنبھالے نہیں جا رہے، اس لیے انہیں ہٹایا جائے۔

Facebook Comments HS