جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس: کراچی بار نے وزیر قانون فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل انور منصور کی رکنیت منسوخ کر دی


جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف ریفرنسز بھیجنے پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان کی رکنیت منسوخ کر دی۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان سے فوری مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور اعلامیے میں کہا ہے کہ کراچی بار کی جنرل باڈی نے فیصلہ کیا کہ جب تک دونوں وکلا مستعفی نہیں ہو جاتے، ان کی رکنیت منسوخ رہے گی۔

دوسری جانب سینئر وکلا نے بیرسٹر فروغ اے نسیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ججز ریفرنسز کے معاملے پر فروغ نسیم نے کہا کہ ججز کے خلاف ریفرنسز سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ میرے پاس ریفرنسز ایف بی آر سے آئے، دستاویزات کی تصدیق کے بعد ریفرنسز آگے بڑھائے، میرا کام صرف ریفرنسز کو آگے بھیجنا تھا۔ میرا پہلا تعلق بار اور پھر اس حکومتی عہدے سے ہے۔ ریفرنسز پر حتمی فیصلہ سپریم جوڈیشل کونسل کو کرنا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).