جنسی ہراسانی سے بچوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟


 بچوں کو اپنی حفاظت کرنا سکھائی جائے

  1. ماہرین ِ نفسیات کے مطابق بچوں کو ان کے جسمانی اعضاء کے نام اور ان سے متعلق تمام معلومات کی آگاہی درست اور مناسب طریقے سے والدین کے ذریعے پہنچنی چاہیے۔
  2. بچوں کو اپنے جسمانی اور ذہنی مسائل کے حوالے سے بات کرنے پر مکمل آزادی اور اعتماد دیں، تا کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی پریشانی یا مسئلے کو آپ تک پہنچا سکے۔
  3. بچوں کو یہ بات یقینی طور پر سمجھائی جائے کہ ستر یعنی چھپانے والے اعضاء، کسی کے سامنے ہرگز نہ ظاہر ہونے دیں۔
  4. بچوں کو ان کے مخصوص جسمانی اعضاء ( private parts) کے حوالے سے یہ آگاہی اور شعور دیجیے کہ ان کی مرضی کے بغیر کوئی اسے ہاتھ نہیں لگا سکتا۔
  5. بچوں کو اس بات کا شعور دیں کہ good touch /bad touch کیا ہوتا ہے؟ بچوں کو خدا نے اچھے اور برے انداز سے ہاتھ لگانے کو محسوس کرنے کی حس دی ہے، بس انھیں اس بات کا احساس دلانے کی ضرورت ہے۔
  6. بچوں کو سمجھایا جائے کہ وہ کسی بھی رشتہ دار، عزیز کی گود میں یا بے حد قریب ہر گز نہ بیٹھیں۔ اور اگر کوئی انھیں زبردستی گود میں لینے یا اپنے قریب کرنے کی کوشش کرے تو وہ سختی سے انکار کریں، اپنے والدین کو بتائیں۔
  7. بچوں کو یہ شعور دیا جائے کہ وہ والدین سمیت کسی کے سامنے اپنا لباس تبدیل نہیں کر سکتے ہیں اور نہ ہی غسل، چاہے وہ اُن کے بہن بھائی ہوں، رشتے دار یا پھر گھرکے ملازمین۔
  8. دس سال کی عمر سے اگر بچے کو قران پاک ترجمے اور تفسیر کے ساتھ پڑھایا جائے تو ایسے کئی موضوعات سے متعلق باتیں کھل کر سامنے آسکیں گی اور والدین کے لیے اپنے بچوں سے اس موضوع پر بات کرنا زیادہ آسان ہوگا۔
  9. بچوں کو یہ اعتبار اور اعتماد دیا جائے کہ اگر ان کے ساتھ کوئی ایسا نا مناسب عمل کرے تو وہ فوراً اپنے والدین کو بتائیں گے۔
  10. بچوں کو اس بات پر بھی یقین ہونا ضروری ہے کہ اُن کی ہر بات راز میں رکھی جائے گی۔

” وہ بچّے جو ایسے سنگین واقعات کا شکار ہوں، ان کی پہچان کے لیے چند خاص علامات“

وہ بچّے جو ان نامناسب رویوں، واقعات کا شکار ہوجاتے ہیں یا ایسی کسی صورتحال سے گزر رہے ہوتے ہیں، ان کی پہچان کی چند علامات نیچے درج کی جا رہی ہیں، تاکہ والدین اپنے بچوں کو مزید کسی خطرے اور نقصان سے بچا سکیں۔

  1. بچوں کا اعتماد کھونا اور احساس ِ کمتری کا شکار ہوجانا۔
  2. کچھ خاص مقامات یا افراد کے پاس جاتے ہوئے خوفزدہ ہوجانا۔
  3. اسکول سے گھر، گھرسے اسکول یا کسی خاص مقام، گھر پر نا جانے کی ضد کرنا، رونا۔
  4. نیند کی کمی کا شکار ہونا، نیند میں چلنا، ڈراؤ نے خواب کا شکار ہونا یا بھوک کا ختم ہوجانا۔
  5. اپنے جسم کے مخصوص اعضاء کے وہ نام لینا جو اس کے والدین یا اساتذہ نے نہیں سکھائے ہوں۔
  6. ایسے کسی ”راز“ کی طرف اشارہ کرنا جو وہ کسی بڑے کے ساتھ رکھتے ہیں، مگر بتائیں گے نہیں۔
  7. بچوں کی معلومات اور گفتگومیں ان باتوں کا ذکر ہونا، جو اُن کی عمر کے لحاظ سے انھیں معلوم نہیں ہونی چاہیے۔
  8. وقت کے ساتھ ساتھ اداس، غمزدہ، خوف یا ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے جانا۔
  9. کپڑوں کو داغدار کرنا یا انھیں پھاڑنا، بستر گیلا کرنا یا انگوٹھا چوسنا۔
  10. اپنے مخصوص جسمانی اعضاء کے تکلیف میں ہونے کا بار بار اظہار کرنا۔
  11. کسی سے بات کرنے، دوستی کرنے، اعتبار کرنے میں مشکل پیش آنا۔
  12. بڑھتی عمر کے ساتھ مختلف منشیات کا عادی ہونا، اپنے آپ کو جسمانی طور پر تکلیف دینا۔

سب سے پہلے تو ان بچوں کو جو ایسے حادثات کا شکار ہُوئے ہیں، یہ سمجھانا ضروری ہے کہ اس قسم کے کسی بھی حادثے یا واقعے کے ذمہ دار وہ بچّے نہیں ہیں اور نہ ہی انھیں اپنے آپ کو شرمندہ یا گنا ہ گار سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس بات کا اہتمام کیا جائے کہ گھر کا ما حول صحت مندانہ گفتگو و عمل سے تعمیر کیا جائے۔

بچوں کو ان موضوعات پر شعور و آگاہی دیتے ہوئے ہمیں اس بات کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ اپنی کسی بات یا عمل سے ہم انھیں خوفزدہ نہ کر بیٹھیں۔ لہذا انھیں جو بات بھی سمجھائی جائے یا بتائی جائے وہ بے حد ہلکے پھلکے انداز، آہستہ آہستہ مختلف اوقات میں سمجھائی جائے تاکہ بچوں کا صاف اور معصوم ذہن منتشر نہ ہواور وہ کسی بھی قسم کا خوف محسوس نہیں کریں، گویا جب بھی ان سے بات کی جائے تو گھرکا ماحول دوستانہ ہو۔

عام طور پر ان موضوعات کو شرم و حیا کے منافی سمجھا جاتا ہے اور والدین بچوں کے سامنے ان کا کوئی تزکرہ نہیں کرتے اور نا ہی کرنا چاہتے ہیں، مگر اب وقت کی نزاکت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے بچوں اور ان کے روشن مستقبل کو بچا نے کے لیے یہ قدم ضرور اور فوری اُٹھائیں تاکہ آنے والے وقت میں ہم اپنے بچوں کے لیے صحت مند معاشرہ تعمیر کر سکیں۔


صفحات: 1 2