وفاقی وزیر فواد چوہدری نے صحافی سمیع ابراہیم کو شادی کی تقریب میں تھپڑ دے مارا


 اطلاعات  کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک شادی کی تقریب کے دوران سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن نصر اللہ ملک نے اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کی جانب سے سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارے جانے کی خبر دی ہے۔نصراللہ ملک کا ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا ’’ اطلاعات ہیں کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک تقریب کے دوران سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کردیا۔ پچھلے کئی روز سے سوشل میڈیا پر دونوں کے مابین لفظی جنگ چل رہی تھی‘۔

خبروں کے مطابق فواد چوہدری اور سینئر صحافی سمیع ابراہیم سمیت ملک کی اہم شخصیات فیصل آباد میں نجی ٹی وی چینل ’’92 نیوز‘‘ کے مالک میاں حنیف کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شریک تھے جہاں دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور بات اس حد تک بڑھ گئی کہ وفاقی وزیر نے سینئر صحافی کو تھپڑ مار دیا۔ واقعہ پیش آنے پر شادی کی تقریب میں موجود لوگ اکٹھے ہو گئے، اس موقع پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سینئر صحافی سے معذرت بھی کی۔

سینئر صحافی اور لاہور پریس کلب کے سابق سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے فواد چوہدری اور شادی کی تقریب میں موجود ان صحافی قائدین کے رویے کی مذمت کی جنہوں نے وفاقی وزیر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ ’سنا ہے کہ فیصل آباد میں 92 نیوز کے مالک میاں حنیف کی بیٹی کی شادی کے موقع پر وفاقی وزیر نے صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارا ہے مگر افسوس یہ ہے کہ وہاں موجود نام نہاد صحافی قائدین تماشا دیکھتے رہے‘۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر اور معروف صحافی شہزاد حسین بٹ نے بھی فواد چوہدری کی جانب سے سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارے جانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اس غنڈہ گردی اور سینئر صحافی کے ساتھ کی جانے والی دہشت گردی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صحافی بے لگام وزیر کو اس شرمناک حرکت پر ناکوں چنے چبوا دیں گے۔ پوری صحافتی کمیونٹی سمیع ابراہیم کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم فواد چوہدری کو فوری برطرف کریں ۔

شہزاد حسین بٹ نے کہا کہ فواد چوہدری کا بطور وزیر اطلاعات بھی صحافیوں کے ساتھ رویہ انتہائی توہین آمیز تھا اور وزارت میں تبدیلی کے بعد بھی ان کے غرور و تکبر میں کوئی کمی نہیں آئی۔ وزیر اعظم عمران خان فی الفور فواد چوہدری کو کابینہ سے برطرف کریں بصورت دیگر تمام صحافتی تنظیمیں حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گی۔

پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے سرگرم کارکن ڈاکٹر فرحان ورک نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ ’ہمیں ذرائع سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ فواد چودھری نے فیصل آباد میں شادی کی تقریب کے دوران سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا‘۔

پی ٹی آئی کے ایک اور کارکن سید فیاض علی نے واقعے کے بعد کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں سمیع ابراہیم کو معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری اور سمیع ابراہیم میں گزشتہ کچھ روز سے لفظی جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سمیع ابراہیم نے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ فواد چوہدری حکومت کے خلاف بیرونی سازش کا حصہ ہیں۔ سمیع ابراہیم کے اس الزام پر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ صحافی نے ان سے وزارت اطلاعات کے دنوں میں 2 کروڑ روپے کے اشتہارات مانگے تھے جس سے انکار پر وہ ان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).