” سر، میں معذرت چاہتا ہوں“: زرداری ہاؤس کے اندر آصف زرداری کی گرفتاری کی خصوصی وڈیو سامنے آ گئی


سابق صدر آصف علی زردری کو 10 جون کو نیب نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی زرداری ہاﺅس کے اندر گرفتاری کے مناظر کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

نیب کی ٹیم نے آتے ہی سابق صدر آصف علی زرداری سے معذرت کی اور اس کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے ضروری کاغذی کارروائی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سابق صدر کے ایک طرف بلاول بھٹو اور دوسری طرف آصفہ بھٹو زرداری موجود تھیں جبکہ ان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کاغذات کا جائزہ لیتے رہے۔

کمرے میں موجود ایک شخص نے یہ اعتراض اٹھایا کہ ابھی ہمیں عدالت کا ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے۔ جس پر سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ فیصلہ تو نیب والوں کے پاس بھی نہیں ہے۔ نیب اہلکار نے کہا کہ اوپن کورٹ میں ایک بات ہوگئی ہے ، جس پر پہلے والے شخص نے کہا کہ اوپن کورٹ میں تو بہت سی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔

نیب اہلکاروں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے گرفتاری کے کاغذات پر دستخط بھی کرائے گئے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو پرسکون نظر آئے تاہم آصفہ بھٹو زرداری بے چین نظر آئیں۔ انہوں نے کاغذات کی نقل فراہم نہ کرنے پر نیب اہلکار کے ساتھ سخت لہجہ بھی اپنایا۔

ضروری کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نیب ٹیم سابق صدر آصف علی زرداری کو لے کر باہر کی طرف چلی تو سابق صدر نے اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا، جب گاڑی کا انتظار کیا جارہا تھا تو اس دوران آصف زرداری اپنی بیٹی سے باتیں بھی کرتے رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).