ڈالر کی قیمت کنٹرول نہیں کر سکتے: ڈاکٹر حفیظ شیخ
مشیر خارجہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار ہو چکا ہے کیونکہ غیرملکی قرضہ 97 ارب ڈالر ہے۔ اس سال حکومت نے 2 ہزار ارب روپے سود دیا۔ آئندہ مالی سال میں سود کی مد میں 3 ہزار ارب روپے دینا ہوں گے۔ ہم سب کچھ امپورٹ کر رہے ہیں۔ اس صورتحال میں روپے کی قدر کو سنبھالا نہیں جا سکتا۔
ہم نے بجٹ میں نان فائلر کا تصور ختم کردیا۔ سب کو ٹیکس دینا ہے اگر اس سے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہو جائے۔ کابینہ کی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی ہوئی۔ وزیراعظم ہاؤس کے خرچوں میں نمایاں کمی کی گئی۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ کہاں ہمیں اپنے خرچے کم کرنے ہیں۔ لوگ شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اب ہمارا ہاتھ ان کی جانب بڑھے گا۔
جمعے کو کراچی میں کونسل آف فارن ریلیشنز کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں ایکسپورٹ میں صفر فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔ تجارتی خسارہ 40 ارب ڈالرز ہے۔ روپے کی قدر پر میں بات نہیں کروں گا۔ وزارت خزانہ کو روپے کی شرح تبادلہ پر بات نہیں کرنا۔


