کرکٹ ٹیم میں گروپنگ کرنے والے کھلاڑی کون ہیں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
بھارت سے ورلڈ کپ میچ میں عبرتناک شکست کھانے والی قومی ٹیم کی اندرونی کہانیاں سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں گروپ بندی چل رہی ہے جس کے باعث کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اثر پڑ رہا ہے۔ گرین شرٹس کے ڈریسنگ روم میں ہونے والی میٹنگ میں کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں پر بھرپور غصہ دکھایا۔ کپتان سرفراز احمد نے وہاب ریاض، عماد وسیم اور امام الحق پر گروپنگ کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ انہیں سب پتہ ہے کہ کون کون گروپنگ کر رہا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد بھارت کے خلاف میچ میں آصف علی اور محمد حسنین کو کھلانا چاہتے تھے لیکن ان کی بجائے شعیب ملک اور عماد وسیم کو کھلایا گیا۔ شعیب ملک نے لندن تک سفر کے لئے قومی ٹیم کی بس میں سفر بھی نہیں کیا۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 89 رنز سے شکست دی تھی۔


