شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت 13 اہم سیاسی و سرکاری شخصیات کی گرفتاری کا امکان


سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت 13 اہم سیاسی و سرکاری شخصیات کی گرفتاری متوقع ہے جبکہ سندھ کی دو اہم حکومتی شخصیات اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیت کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں پاکستان کے اندر مزید بڑی سیاسی گرفتاریاں متوقع ہیں۔ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے حوالے سے کئی ایسے اہم ثبوت تحقیقات کرنیوالے اداروں کو مل چکے ہیں جن کے مطابق ان پر لگے الزامات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے ایک سے زائد افراد نے وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے کہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی پر الزامات کی تحقیقات ہو رہی ہے اور نیب کے علاوہ دیگر ادارے بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان تمام اداروں کو بھی اہم ترین ثبوت مل چکے ہیں۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی صورت حال سے آگاہ ہیں اس لئے شاہد خاقان عباسی چند روز سے نیب کے خلاف کھل کر بول رہے ہیں اور یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ شاید نیب انہیں ناجائز گرفتار کرے گا۔

نیب نے پہلے تمام شواہد اکٹھے کئے ہیں اور اس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے تا کہ کسی کی گرفتاری کو سیاسی گرفتاری نہ کہا جا سکے۔

احسن اقبال کے خلاف ایک اہم حکومتی شخصیت نے بہت سے ثبوت مختلف اداروں کو دیئے ہیں۔ شواہد کی روشنی میں احسن اقبال بھی نیب کے ریڈار پر آ چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی ایک اہم شخصیت کے قریبی عزیز کی گرفتاری بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ اس اہم ترین شخصیت کے حوالے سے بھی کہا جا رہا ہے کہ اس کے اکائونٹس اور دیگر معاملات اس کے قریبی عزیز چلا رہے تھے جس پر ان کی گرفتاری متوقع ہے۔

متعدد ایسے بیوروکریٹس کے حوالے سے بھی کرپشن کے ثبوت مل چکے ہیں جو سابق دور حکومت میں بھی تھے اور موجودہ حکومت میں بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی طرح مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).