کیا بلاگر بلال خان کو واقعی لڑکی کے بھائی نے قتل کیا؟ سوشل میڈیا پر وائرل خبر کی حقیقت سامنے آ گئی


اسلام آباد میں نوجوان مذہبی بلاگر بلال خان کو کچھ روز قبل قتل کردیا گیا تھا، ان کے قتل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مقامی اخبار سے منسوب ایک خبر گردش کر رہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلال خان کو پی ٹی ایم سے تعلق رکھنے والے لڑکی کے بھائی نے قتل کیا ہے۔ دوسری جانب متعلقہ قومی اخبار نے خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے ادارے کے خلاف پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلال خان کا بی بی شیریں نام کی لڑکی سے معاشقہ تھا لیکن لڑکی والے اپنی بیٹی کا رشتہ مقتول کو نہیں دینا چاہتے تھے۔ گھر والوں کے منع کرنے کے باوجود بلال خان باز نہ آیا تو لڑکی کے بھائی عثمان نے جو کہ پی ٹی ایم کا سرگرم کارکن ہے قتل کی رات بلال خان کو فون کرکے ملنے کیلئے بلایا اور چھریوں کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا۔

یہ خبر قومی اردو اخبار روزنامہ اوصاف سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہے لیکن دیکھنے سے ہی پتا چل جاتا ہے کہ یہ سارا فوٹو شاپ کا کمال ہے۔ خبر میں استعمال ہونے والی لفظوں کی ترتیب سے بھی واضح ہوتا ہے کہ یہ کسی صحافی کی لکھی ہوئی تحریر نہیں ہے۔

روزنامہ اوصاف کی انتظامیہ نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ ’ کچھ سازشی عناصر مقتول کے قتل کو منفی رنگ دیتے ہوئے ایک من گھڑت کہانی پاکستان کے موقر روزنامہ ’اوصاف ‘ اخبار سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ ایک جعلی پوسٹ ہے جسے فوٹو شاپ پر ایڈٹ کرکے روزنامہ اوصاف کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں روزنامہ اوصاف نے سائبر کرائم ونگ کو درخواست بھی دے دی ہے کہ اس سازش کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور روزنامہ اوصاف کے خلاف پراپیگنڈہ کو بے نقاب کیا جا سکے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).