پاکستانی رئیلٹی شو میں 16 سالہ بچی کے ڈانس پر جج حمزہ علی عباسی نے آئٹم نمبرز کو گند قرار دے دیا


مقبولیت پسند موقف، سستے حربوں اور متنازع مذہبی بیانات سے شہرت پانے والے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے آئٹم نمبرز کو گندگی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آئٹم نمبرز سے جان چھڑانی ہوگی۔ نجی چینل کے رئیلٹی پروگرام ”پاکستان سٹار“ میں 16 سالہ بچی نے مہوش حیات کے آئٹم نمبر ’بلی‘ پر ڈانس کیا تو حمزہ علی عباسی نے اس لڑکی کو ایسا کرنے سے روکتے ہوئے آئٹم نمبرز کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

حمزہ علی عباسی نے پاکستانی فلمسازوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مہربانی کرکے اپنی فلموں میں آئٹم نمبرز شامل نہ کریں۔ یہ ہمارا اور ہمارے فلمسازوں کا قصور ہے کہ ہم اپنی فلموں میں آئٹم نمبرز شامل کرتے ہیں۔ مجھے بہت دکھ ہوا کہ ایک 16 سال کی بچی آئٹم نمبر پر ڈانس کررہی ہے۔

حمزہ نے آئٹم نمبرز کو فلموں کے لیے گندگی قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے بالی ووڈ بھی اپنی جان چھڑانا چاہ رہاہے کیونکہ آئٹم نمبرز کی وجہ سے وہاں کا معاشرہ خراب ہو گیا ہے۔ لیکن وہ لوگ کیا کرتے ہیں اور کیا نہیں، اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، ہمیں اپنی فلم انڈسٹری دیکھنی ہے۔

حمزہ عباسی نے مزید کہا کہ فلم میں آئٹم نمبرز کی نہ ضرورت ہوتی ہے، نہ اس کا فلم کی کہانی سے کوئی لینا دینا ہوتا ہے لیکن کیونکہ آئٹم نمبرز کی ایک روایت سی چلتی آرہی ہے، لہٰذا فلمسازوں کی سوچ ہوتی کہ انہیں فلم میں ضرور شامل کرنا ہے۔

اس پر متعد افراد نے حمزہ عباسی پر سخت تنقید کی ہے کہ انہیں آرٹ پر بھاشن دینے اور پرفارم کرنے والی بچی کی حوصلہ شکنی کا حق کس نے دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).